ارجنٹائن ورلڈ کپ کیوں ہارا؟ 5 بڑی وجوہات

اسپین نے کھیل پر زبردست کنٹرول کیسے برقرار رکھا اور ارجنٹائن کو شکست کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟
شائع 20 جولائ 2026 01:27pm

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں ارجنٹائن کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے کا فیصلہ 106ویں منٹ میں متبادل اسٹرائیکر فیران ٹوریس کے گول نے کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کرلی۔

اگرچہ میچ کا نتیجہ صرف ایک گول کے فرق سے رہا، لیکن پورے مقابلے کے دوران اسپین نے کھیل پر زبردست کنٹرول رکھا اور ارجنٹائن پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ ماہرین کے مطابق چند اہم عوامل ایسے تھے جنہوں نے فائنل کا رخ اسپین کے حق میں موڑ دیا۔

1۔ لیونل میسی پر حد سے زیادہ انحصار

ارجنٹائن کی ناکامی کی وجوہات میں سب سے بڑی وجہ ارجنٹائن کا اپنے کپتان لیونل میسی پر حد سے زیادہ انحصار تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں اٹھ گول کرنے والے میسی کو سپین کے دفاعی کھلاڑیوں نے پورے میچ میں بالکل خاموش رکھا۔ میچ کے ابتدائی پندرہ منٹوں میں میسی صرف ایک بار ہی گیند کو چھو سکے اور وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے لیے کوئی اہم موقع بنانے میں ناكام رہے۔

2۔ اسپین کے مڈفیلڈ کا مکمل کنٹرول

میچ کے دوران اسپین کے مڈفیلڈ کھلاڑیوں نے گیند پر قبضہ اور کھیل کی رفتار اپنے ہاتھ میں رکھی۔ ہسپانوی ٹیم نے نہ صرف تیزی سے پاسنگ کی بلکہ گیند واپس حاصل کرنے میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی۔ اس دباؤ کے باعث ارجنٹائن طویل وقت تک گیند اپنے پاس رکھنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور اس کے حملہ آور منصوبے متاثر ہوتے رہے۔

3۔ اینزو فرنانڈیز کا ریڈ کارڈ

میچ کا ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب ارجنٹائن کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو دوسرے ہاف کے اضافی وقت میں دوسرا پیلا کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد ارجنٹائن کو دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ اضافی وقت میں اسپین نے اپنی عددی برتری کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور بالآخر فیران ٹوریس نے فیصلہ کن گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔

4۔ لیساندرو مارٹینیز کی انجری

ارجنٹائن کے دفاعی نظام کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب لیساندرو مارٹینیز پہلے ہاف کے اختتام سے قبل انجری کا شکار ہو گئے۔ ان کی جگہ تجربہ کار نکولس اوٹامینڈی کو میدان میں اتارا گیا، تاہم اس تبدیلی نے دفاعی توازن کو متاثر کیا۔ مارٹینیز پورے ٹورنامنٹ میں دفاع کے ساتھ ساتھ گیند کو آگے لے جانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے تھے، اس لیے ان کی غیر موجودگی ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی۔

5۔ ارجنٹائن کے حملے کی ناکامی

فائنل سے قبل ارجنٹائن ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم تھی اور اس نے 19 گول اسکور کیے تھے، لیکن فائنل میں اس کی جارحانہ کارکردگی ماند پڑ گئی۔ مقررہ وقت میں ارجنٹائن ایک بھی شاٹ ہدف پر نہ لگا سکا اور پورے میچ میں صرف دو شاٹس کھیل سکا۔

دوسری جانب اسپین نے مقررہ وقت میں 20 شاٹس لیے جن میں سے 12 ہدف پر تھے۔ متوقع گولز (ایکس جی) کے اعداد و شمار بھی اسپین کی واضح برتری کو ظاہر کرتے ہیں۔

فائنل کے مجموعی جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسپین نے بہتر مڈفیلڈ کنٹرول، مضبوط دفاعی حکمت عملی اور عددی برتری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کامیابی حاصل کی، جبکہ ارجنٹائن اہم مواقع پیدا کرنے میں ناکام رہا۔ یہی عوامل بالآخر ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کا فیصلہ اسپین کے حق میں لے گئے۔