فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح اسپین کی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، شاندار استقبال
فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے کے ایک روز بعد اسپین کی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ہے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے فٹبال ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا کو شکست دے کر 16 سال بعد ورلڈ چیمپئن بننے والی اسپین کی ٹیم کے کھلاڑی اور اسٹاف پیر کے روز اپنے وطن واپس پہنچے۔
فٹبال ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے طیارے نے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں لینڈ کیا، اسپین ٹیم کے کپتان روڈری ورلڈ کپ ٹرافی ہاتھوں میں تھامے طیارے سے نکل اور ان کے چہرے پر خوشی دیدنی تھی۔
اسپین ٹیم کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے اوراسپین فٹبال فیڈریشن کے صدر رافیل لوزان بھی ٹیم کے ساتھ تھے جب کہ کھلاڑیوں اور اسٹاف نے طیارے کے سامنے مختصر فوٹو سیشن بھی کروایا۔
اسپین کے دفاعی کھلاڑی مارک کوکوریلا نے کہا کہ ٹیم وطن واپسی اور عوام کے ساتھ کامیابی کا جشن منانے کے لیے بے حد پرجوش ہے۔ انہوں نے کہا، ”بہت سے لوگ امریکا نہیں آ سکے تھے، ہم سب کے ساتھ مل کر جشن منانا چاہتے ہیں اور میرا خیال ہے کہ ہم ایک شاندار جشن کے مستحق ہیں۔“
یاد رہے گزشتہ روز فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار ورلڈکپ جیت لیا جب کہ نیویارک میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں اسپین کی ٹیم چھائی رہی اور دنیائے فٹبال پر آئندہ 4 سال کی حکمرانی قائم کرلی۔
واضح رہے کہ اسپین نے 16 سال بعد فٹبال ورلڈ کپ جیتا ہے، اس سے قبل 2010 میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

















