بڑھاپا یا بیماری؟ سلمان خان کی نئی ویڈیو سے مداح پریشان
بولی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی حالیہ عوامی تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ تاہم اس بار ان کی کسی نئی فلم یا کردار کے بجائے ان کی جسمانی حالت مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ کئی مداحوں نے سلمان خان کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ کمزور اور دبلا محسوس کیا، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
سلمان خان نے جمعہ کے روز ممبئی میں سلَم ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی (ایس آر اے) کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کے جدید ڈیٹا کلیکشن اینڈ ویریفکیشن سپورٹ سینٹر (آئی ٹی سرور روم) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مستحق افراد میں گھروں کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔
تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئیں تو مداحوں کی بڑی تعداد سلمان خان کی صحت کے حوالے سے فکرمند نظر آئی۔ ایک صارف نے لکھا، ”وہ بیمار لگ رہے ہیں، اللہ انہیں صحت دے۔“ ایک اور مداح نے کہا، ”لگتا ہے انہیں صحت کا کوئی مسئلہ درپیش ہے۔“ جبکہ ایک صارف نے جذباتی انداز میں سوال کیا، ”میرے کنگ کو کیا ہو گیا؟“
بعض مداحوں کو تو ابتدا میں یقین ہی نہیں آیا کہ ویڈیوز میں نظر آنے والی شخصیت سلمان خان ہیں۔ ایک صارف نے لکھا، ”میں نے پہلے پہل انہیں پہچانا ہی نہیں، پھر ان کے محافظ شیرا کو دیکھا تو یقین آیا کہ یہ سلمان خان ہی ہیں۔“ ایک اور مداح نے کہا، ”کیا سلمان خان خیریت سے ہیں؟“
ایک مداح نے لکھا، ”انہیں دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، ان کی آنکھوں سے تھکن صاف نظر آ رہی ہے۔ فلموں میں وہ اکیلے پچاس لوگوں کا مقابلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن اس وقت ان کی صحت ان پر اثر انداز ہوتی محسوس ہو رہی ہے۔“
تاہم سلمان خان کے کئی مداح ان کے دفاع میں بھی سامنے آئے۔ ایک صارف نے لکھا، ”اپنی عمر کو عوامی طور پر قبول کرنا بہت ہمت کی بات ہے۔ رجنی کانت نے بھی ایسا کیا اور سلمان خان بھی اس بات پر احترام کے مستحق ہیں کہ وہ کیمروں کے سامنے اپنی اصل عمر کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔“
ایک اور مداح نے اپنے پیغام میں کہا، ”دنیا کی ہر خوبصورت چیز وقت کے ساتھ بدل جاتی ہے، لیکن انسان کا کردار، اس کی ایمانداری اور اس کے دل کی خوبصورتی کبھی ختم نہیں ہوتی۔ سلمان خان میں مجھے یہی خوبصورتی نظر آتی ہے۔“
دوسری جانب سلمان خان اپنی نئی فلم ”ماتربھومی“ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس فلم کا نام اس سے قبل ”بیٹل آف گلوان“ تھا اور اطلاعات کے مطابق یہ گلوان وادی میں بھارتی اور چینی افواج کے درمیان ہونے والے تصادم سے متاثر تھی، تاہم بعد میں فلم کے عنوان اور اس کے بعض حصوں میں تبدیلیاں کی گئیں۔
سلمان خان فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی پروڈیوسر سلمیٰ خان ہیں جبکہ اس کی ہدایت کاری اپوروا لاکھیا کر رہے ہیں۔ فلم میں سلمان خان بھارتی فوج کے ایک کرنل کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اداکارہ چترانگدا سنگھ بھی اس کا حصہ ہیں۔ اگرچہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا، تاہم پروڈکشن ہاؤس نے اس تاثر کی تردید کی ہے کہ فلم کو سینسر بورڈ کی جانب سے کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا ہے۔
اس فلم کے علاوہ سلمان خان نے سال 2027 کی عید کے لیے بھی ساؤتھ کی مشہور اداکارہ نین تارا کے ساتھ ایک نئی فلم کی تیاری شروع کر دی ہے۔
















