اینڈی برنہم نے برطانیہ کی وزارتِ عظمیٰ سنبھال لی، 10 سالہ اصلاحاتی منصوبے کا اعلان

نئے برطانوی وزیراعظم نے کیئر اسٹارمر کے استعفے کے بعد بغیر مقابلہ لیبر پارٹی کی قیادت سنبھال لی.
شائع 20 جولائ 2026 05:26pm

برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم نے منصب سنبھالتے ہی مہنگائی، عوامی خدمات، رہائش، تعلیم اور معیشت میں اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت ملک کو ایک نئے سیاسی اور معاشی ماڈل کی طرف لے جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اعتماد بحال کرنے اور برطانیہ کو دوبارہ مستحکم بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

اینڈی برنہم برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن گئے ہیں اور گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس منصب پر فائز ہونے والے ساتویں وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے کیئر اسٹارمر کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، جنہوں نے واضح پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے کے صرف دو سال بعد وزارتِ عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا۔

اینڈی برنہم جمعے کے روز بغیر کسی مقابلے کے حکمران لیبر پارٹی کے قائد منتخب ہوئے۔ کیئر اسٹارمر نے مستعفی ہونے سے قبل مختصر الوداعی خطاب کیا، جس کے بعد انہوں نے بادشاہ چارلس سے ملاقات کر کے اپنا استعفیٰ پیش کیا، جب کہ بادشاہ نے اینڈی برنہم کو حکومت بنانے کی دعوت دی، جسے قبول کرتے ہوئے انہوں نے باضابطہ طور پر وزارتِ عظمیٰ سنبھال لی۔

ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچنے پر حکومتی ارکان اور عملے نے نئے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا، جب کہ قوم سے اپنے پہلے خطاب میں اینڈی برنہم نے کہا کہ ان کی تقرری صرف حکومت کی تبدیلی نہیں بل کہ برطانیہ کے لیے ”نئے عزم اور نئی شروعات“ کا لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو اپنی سیاسی اور معاشی استحکام دوبارہ حاصل کرنا ہوگا اور موجودہ نسل کے سیاست دانوں کو پہلے سے بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔ ان کے مطابق عوام سیاست سے مایوس ہو چکے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ سیاست کو الزام تراشی کے بجائے مسائل کے حل کا ذریعہ بنایا جائے۔

اینڈی برنہم نے کہا کہ ان کی حکومت ویسٹ منسٹر سے اختیارات منتقل کر کے مقامی سطح تک لے جائے گی تاکہ ملک کے ہر علاقے کو فیصلوں میں مؤثر کردار دیا جا سکے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت برطانیہ کے لیے نیا معاشی ماڈل متعارف کرائے گی، بنیادی ضروریات کو دوبارہ عوامی کنٹرول میں لایا جائے گا، برطانوی صنعت کو فروغ دیا جائے گا اور ملک میں دوبارہ صنعتی ترقی کا عمل شروع کیا جائے گا۔

نئے وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال کے دوران وہ برطانیہ کے لیے 10 سالہ قومی منصوبہ پیش کریں گے، جس میں آئندہ دہائی کے ترقیاتی اہداف اور حکمت عملی واضح کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بڑھتی ہوئی لاگتِ زندگی سے متاثرہ عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے اقدامات کا آغاز آئندہ روز سے کیا جائے گا، جب کہ ان منصوبوں کی مالی فراہمی کا طریقہ بھی جلد سامنے لایا جائے گا۔

اینڈی برنہم نے کہا کہ تعلیمی نظام میں اصلاحات کے ذریعے مزید نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جب کہ ذہنی صحت سمیت مختلف شعبوں میں اضافی معاونت بھی مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مزید کونسل ہاؤسز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ رہائشی بحران پر قابو پایا جا سکے اور فلاحی اخراجات میں پائیدار کمی لائی جا سکے۔

برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی پہلی ہدایات میں ملک سے بے گھر افراد کے مسئلے کے خاتمے کے لیے اقدامات بھی شامل ہوں گے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی، وہ اپنی پوری توانائی ملک کے لیے وقف کریں گے اور برطانیہ میں دوبارہ امید، اتحاد اور اعتماد بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔

بعد ازاں اینڈی برنہم اپنی اہلیہ میری فرانس کے ہمراہ ڈاؤننگ اسٹریٹ کے اندر گئے، جہاں انہوں نے عملے سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کی حیثیت سے ان کی پہلی ذمہ داری نئی کابینہ کی تشکیل ہوگی۔