ڈی آئی خان: پولیس گاڑی پر فائرنگ، اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید

درابن سے واپس آنے والی پولیس گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، علاقے میں سرچ آپریشن شروع
شائع 01 اگست 2026 08:47am

ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی موبائل پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی فقیر حسین اور ہیڈ کانسٹیبل وزیر خان شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب متاثرہ پولیس موبائل درابن سے واپس آ رہی تھی۔ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی پر اچانک فائرنگ کر دی، جس سے اے ایس آئی فقیر حسین اور ہیڈ کانسٹیبل وزیر خان موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

پولیس نے شہید اہلکاروں کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔