کراچی میں گیس کی بُو کیوں محسوس ہو رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

کراچی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی جانب سے گیس کی غیر معمولی بُو محسوس ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
شائع 02 اگست 2026 02:55pm

کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کی صبح گیس کی شدید بو محسوس ہونے پر شہریوں میں تشویش پھیل گئی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے بھی اس معاملے پر وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔

کراچی میں محمود آباد، منظور کالونی، کارساز، اسٹیڈیم روڈ اور گرد و نواح کے دیگر علاقوں میں شہریوں کی جانب سے گیس کی غیر معمولی بُو محسوس ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین گیس کی بو محسوس ہونے کی شکایات جب کہ کئی صارفین اس حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی وجہ جاننے کی کوشش کرتے بھی نظر آرہے ہیں۔

اس صورت حال پر سوئی سدرن گیس کمپنی نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ رات سے ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب نئی گیس پائپ لائن کو فعال کرنے کے عمل کے دوران ’اوڈورائزیشن پلانٹس‘ کی ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس ٹیسٹنگ کے دوران گیس میں بُو پیدا کرنے والے مادے (اوڈرنٹ) کی مقدار معمول سے کچھ زیادہ شامل کی گئی ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں گیس کی بُو معمول سے زیادہ محسوس ہورہی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنے معمولات جاری رکھیں، کیوں کہ محسوس ہونے والی بُو صرف ’اوڈورائزیشن پلانٹس‘ کی ٹیسٹنگ کے دوران گیس میں ’اوڈورنٹ‘ کی نسبتاً زیادہ مقدار شامل کیے جانے کی وجہ سے ہے۔

سوئی سدرن نے کہا کہ اس عمل کی وجہ سے کراچی کے مختلف علاقوں سے گیس لیکیج کی شکایات موصول ہوئی ہیں، تاہم صارفین سے اپیل ہے کہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنے معمولات جاری رکھیں کیوں کہ یہ غیر معمولی بُو کسی گیس لیکیج کا نہیں بلکہ ٹیسٹنگ کے عمل کا نتیجہ ہے۔