ایران آئندہ دو برس کے ممکنہ چیلنجز کے لیے تیار ہے، نائب صدر
ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ دو سال کے لیے ضروری سامان کی فراہمی کی تیاری کر رہی ہے اور ممکنہ بدترین حالات سے نمٹنے کے لیے بھی مکمل منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگی صورتحال کے باوجود ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں ہونے دی گئی۔
ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ دو سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں کے لیے ضروری سامان کی فراہمی کی تیاری کر رہی ہے۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق نیم سرکاری ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے محمد رضا عارف کے حوالے سے بتایا کہ حکومت ہر ممکن اور بدترین صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کر رہی ہے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن اشیا یا وسائل کا ذخیرہ کیا جا رہا ہے۔
محمد رضا عارف نے کہا کہ عوام کے درمیان امن و اطمینان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ جنگی صورتحال کے باوجود ایرانی انتظامیہ نے ملک میں ضروری اشیا کی قلت پیدا نہیں ہونے دی اور عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔














