نیپرا نے ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی کردی

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہوگا۔
شائع 07 اگست 2026 07:57pm

بجلی صارفین کے لیے ایک اور بُری خبر سامنے آگئی ہے کیوں کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے لیے بجلی 75 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے۔

نیپرا نے جون 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی 75 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

جاری اعلامیے کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہوگا، فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کی جانے والی اضافی رقم رواں ماہ اگست کے بلوں میں صارفین سے وصول کی جائے گی۔

ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا تعین بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، جس کے باعث صارفین کے بلوں میں اضافہ یا کمی کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 20 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا تھا تاہم تاہم نیپرا نے اس کے مقابلے میں 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بھی ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی۔ 

نیپرا کی جانب سے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جب کہ لائف لائن پری پیڈ صارفین اور ای وی چارجنگ اسٹیشن مستثنیٰ ہوں گے۔