فردوس جمال کا شاہ رخ خان پر بیان سے یوٹرن
پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے بولی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بارے میں سابقہ بیان پر وضاحت کرتے ہوئے اپنا موقف بدل دیا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے شاہ رخ خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شاہ رخ خان کے خلاف کچھ نہیں کہا، میں ان کی عزّت کرتا ہوں اور وہ ایک بہترین اداکار ہیں اور دلیپ کمار کی روایت کا تسلسل ہیں۔
سینئر اداکار نے کہا کہ ہر فنکار کا اپنا ایک فکری اور فنی انداز ہوتا ہے۔ ان کے مطابق وہ خود دلیپ کمار کے اندازِ اداکاری سے متاثر ہیں، جبکہ شاہ رخ خان کا انداز مختلف ہے۔
فردوس جمال نے کہا، ”ہر اداکار کا اپنا ایک اسکول آف تھاٹ ہوتا ہے۔ میرا تعلق دلیپ کمار کے اسکول آف تھاٹ سے ہے۔ شاہ رخ خان جیسے اداکار مختلف ہیں۔ مختلف اداکار مختلف لوگوں سے متاثر ہوتے ہیں، جبکہ میں دلیپ کمار، محمد علی، آغا طالش اور علاؤالدین جیسے اداکاروں سے متاثر ہوں اور میں ان کی نقل بھی کرتا تھا۔“
فردوس جمال نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انسان بچپن سے ہی دوسروں کو دیکھ کر سیکھتا اور نقل کرتا ہے، حضرت آدم کے زمانے سے لے کر آج تک ہم سب دیکھ کر ہی سیکھ رہے ہیں اور ایک دوسرے کی نقالی ہی کررہے ہیں۔ یہ کوئی بری بات نہیں ہے بلکہ سیکھنا ایک بہت ہنر ہے۔
شاہ رخ خان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا نام جوڑے جانے پر بھی فردوس جمال نے ناراضی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان کو اس معاملے میں شامل نہ کیا جائے۔ ماہرہ خان میرا مسئلہ نہیں ہیں اور ان کو مجھ سے نہ جوڑا جائے کیونکہ وہ نہ میری بیوی ہیں اور نہ خاندان کا حصہ، اور اگر لوگ انہیں پسند کرتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔
اس سے پہلے فردوس جمال نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شاہ رخ خان کوئی اچھے اداکار نہیں ہیں نیز انہوں نے شاہ رخ خان کے بولنے کے انداز اور جسمانی بناوٹ پر بھی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اداکاری کے مقابلے میں ایک بڑے اسٹار زیادہ ہیں۔
فردوس جمال نے ماضی میں یہ بھی کہا تھا کہ شاہ رخ خان ان سے کہیں بڑے اسٹار ہیں، لیکن ان کے خیال میں بطور اداکار دونوں کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
















