ماڈلنگ کی دنیا کیوں چھوڑی؟ عبداللہ اعجاز نے دردناک وجہ بتادی

عبداللہ اعجاز کا شمار ملک کے بہترین ماڈلز میں ہوتا تھا اور وہ 2026 میں لکس اسٹائل ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔
شائع 09 اگست 2026 11:40am

پاکستان کے سابق ماڈل اور اداکار عبداللہ اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ شدید کمر کے درد نے انہیں ماڈلنگ سے دور ہونے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ تکلیف اس حد تک بڑھ گئی تھی کہ وہ ٹھیک طرح بیٹھ بھی نہیں سکتے تھے اور کھانا بھی لیٹ کر کھانا پڑتا تھا۔

عبداللہ اعجاز نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار تفصیل سے بتایا کہ آخر انہیں ماڈلنگ کا شعبہ کیوں چھوڑنا پڑا۔

اپنی تکلیف دہ صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، میں اب اشتہارات کی ڈائریکشن دے رہا ہوں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ مجھے عرق النساء ہو گیا تھا۔ یہ مسئلہ کوئی ڈیڑھ سال پہلے شروع ہوا تھا اور درد اتنا شدید تھا کہ مجھ سے بیٹھا بھی نہیں جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کمر کی تکلیف نے ان کی روزمرہ زندگی کو بھی بری طرح متاثر کردیا تھا۔ عبداللہ اعجاز کے مطابق، ”کمر کا درد اتنا شدید تھا کہ میں لیٹ کر کھانا کھایا کرتا تھا۔ یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے بہت مشکل وقت تھا، خاص طور پر میری اہلیہ رابعہ کے لیے، جنہوں نے بہت مشکل وقت گزارا۔“

عبداللہ اعجاز کا کہنا ہے کہ، مجھے نہیں معلوم کہ ایسا کیوں ہوا، شاید میری حد سے زیادہ ورزش یا ٹریننگ اس کی وجہ بنی ہو۔ یہ درد اچانک شروع ہوا اور کافی لمبے عرصے تک رہا۔

عبداللہ اعجاز نے اپنی اہلیہ رابعہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان کے بقول، ’میری بیوی بہت مضبوط خاتون ہیں کیونکہ ان کا تعلق فوجی خاندان سے ہے۔ وہ ایک آئرن لیڈی ہیں اور انہوں نے میری بہت اچھی طرح دیکھ بھال کی۔‘

عبداللہ اعجاز کے مطابق انسان کو کامیابی تو مل جاتی ہے لیکن صحت کی خرابی کی وجہ سے زندگی کے راستے بدل جاتے ہیں اور ایسے کٹھن حالات میں انسان کے اپنے گھر والے ہی اس کا سب سے بڑا سہارا بنتے ہیں۔

یاد رہے کہ عبداللہ اعجاز کا شمار ملک کے بہترین ماڈلز میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنے ماڈلنگ کے کیریئر کے دوران خاصی شہرت حاصل کی اور سال 2026 میں لکس اسٹائل ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

ماڈلنگ کے بعد انہوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور ’پیا من بھائے‘، ’نیل پالش‘، ’تیرا میرا رشتہ‘، ’سلسلے‘ اور ’ہم سب امید سے ہیں‘ جیسے مشہور ڈراموں میں کام کیا۔ اس کے علاوہ وہ ’تماشا سیزن3‘ میں بھی نظر آئے اورمداحوں کی توجہ حاصل کی۔

عبداللہ اعجاز نے اپنی یونیورسٹی کی کلاس فیلو سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ اب وہ ماڈلنگ اور اداکاری کے بجائے کمرشل ڈائریکشن کے شعبے سے وابستہ ہیں۔