سابق کرکٹر عاقب جاوید کی بیٹی کی برطانیہ میں غیر ملکی نوجوان سے شادی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی بیٹی عقبہ عاقب رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔ عقبہ کی شادی برطانیہ میں ایک غیر ملکی نوجوان سے ہوئی ہے، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔
شادی کی تصاویرعاقب جاوید کی اہلیہ اور معروف شاعرہ و مصنفہ فرزانہ عاقب نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔
تصاویر میں عقبہ کوسفید رنگ کا خوبصورت عروسی لباس زیب تن کیا ہوا دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ان کے شوہر نے رسمی سوٹ پہن رکھا ہے۔ دونوں کے بازوؤں پر ٹیٹو بھی نمایاں ہیں۔
فرزانہ عاقب نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی بیٹی کی شادی 9 اگست کو برطانیہ میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی بیٹی اور داماد سمیت دونوں خاندانوں کے لیے خوشگوار اور کامیاب زندگی کی دعا بھی کی۔

عقبہ عاقب کی تعلیم کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ انہوں نے تقریباً تین سے چار سال قبل برطانیہ کی مشہور یونیورسٹی آف سسیکس سے میڈیا اور انٹرنیشنل جرنلزم میں گریجویشن مکمل کی تھی۔
فرزانہ عاقب خود بھی ادبی حلقوں میں اپنی پہچان رکھتی ہیں۔ وہ انگریزی شاعری اور ادبی کام کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ ان کے فیس بک پیج پر تین لاکھ سے زیادہ فالوورز موجود ہیں، جبکہ ان کے مطابق وہ انگریزی شاعری کی 70 سے زیادہ کتابیں لکھ چکی ہیں اور کئی بین الاقوامی ادبی ایوارڈز بھی حاصل کرچکی ہیں۔
فرزانہ عاقب نے اپنی ایک کتاب میں اسلامی تاریخ کو بھی انگریزی شاعری کے ذریعے پیش کیا ہے۔
عاقب جاوید پاکستان کے سابق ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر ہیں اور اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام فارمیٹس کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔
شادی کی یہ خبر سامنے آنے کے بعد کرکٹ اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد دونوں خاندانوں کو نئی زندگی کی شروعات پر مبارکباد دے رہے ہیں۔
















