انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل بابر اعظم سے متعلق بُری خبر آگئی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 19 اگست سے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
شائع 14 اگست 2026 10:04pm

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، قومی ٹیم کے کپتان پریکٹس میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے ہیں جب کہ ٹیم ڈاکٹر نے بابر اعظم کا معائنہ کیا اور احتیاطی طور پر انہیں مزید کھیلنے سے روک دیا گیا۔

جمعے کے روز کاؤنٹی کرکٹ کلب کینٹ میں پاکستان اور پی سی سی سلیکٹ الیون کے درمیان جاری 3 روزہ پریکٹس میچ کے دوسرے روز بیٹنگ کے دوران پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم دائیں ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو بیٹنگ کے دوران گیند دائیں ہاتھ پر لگی، جس کے بعد انہیں ہاتھ میں تکلیف محسوس ہوئی۔

واقعے کے بعد ٹیم ڈاکٹر نے بابر اعظم کا معائنہ کیا جب کہ طبی معائنے کے بعد احتیاطی طور پر انہیں مزید کھیلنے سے روک دیا گیا اور باقی میچ میں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

بابر اعظم نے بھی پریکٹس میچ میں مزید بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ان کی انجری کے بعد ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔

بابر اعظم کی انجری کے حوالے سے ٹیم ڈاکٹر کی نگرانی میں صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق بابر اعظم اب 17 اگست کو ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19 اگست سے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ پہلے ٹیسٹ سے قبل بابر اعظم کی دستیابی اور انجری کی صورت حال پر ٹیم ڈاکٹر کی نگرانی میں نظر رکھی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ بابراعظم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بھی اسی ہاتھ پر گیند لگی تھی۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز انگلی میں انجری کے باعث نیشنل چیمپئنز کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد نواز کم از کم 3 ہفتے تک کرکٹ سے دور رہیں گے جب کہ آل راؤنڈر 2 ہفتے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے۔ محمد نواز نیشنل چیمپئنز کپ میں پاکستان گولڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔