انڈونیشیا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا زلزلہ؛ 5 افراد ہلاک، سونامی کا الرٹ جاری

انڈونیشین حکام نے شہریوں کو ساحل سے دور رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے
اپ ڈیٹ 15 اگست 2026 09:06am

انڈونیشیا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا شدید زلزلہ آیا ہے، جس کے بعد حکام نے سونامی کی وارننگ جاری کی، تاہم بعد ازاں زلزلے کے تقریباً 3 گھنٹے بعد سونامی کی وارننگ ختم کردی گئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلہ تقریباً 35 کلومیٹر گہرائی میں آنے کی اطلاع دی گئی، تاہم مختلف زلزلہ پیما اداروں کی جانب سے گہرائی کے اعداد و شمار مختلف بتائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے مشرقی نوسا تنگارا صوبے کے گورنر ایمانوئل میلکیادس لاکا لینا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہلاک ہونے والے 5 افراد اس وقت ملبے تلے دب کر جان سے گئے جب وہ اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔

تاہم انڈونیشیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی بی این پی بی نے ابتدائی طور پر ایک شخص کی ہلاکت اور 4 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔

رائٹرز کے مطابق فلورس جزیرے کے شہر ماؤمیرے میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوکر ملبے میں تبدیل ہوگیا، جس کے بعد لوگ چیختے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ ماؤمیرے سکا ریجنسی کا مرکزی شہر ہے۔

انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی بی ایم کے جی کے مطابق پہلا زلزلہ صبح 4 بج کر 58 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

آسٹریلیا کے سونامی وارننگ سینٹر نے کہا کہ سمندر کے اندر آنے والے اس زلزلے سے آسٹریلیا کی سرزمین، جزائر یا علاقوں کے لیے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

زلزلے کے بعد انڈونیشیا کے بعض ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی، شہریوں کو ساحل سے دور رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔