آن لائن فراڈ میں مبینہ ملوث 284 غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد میں آن لائن فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث 284 غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزارت داخلہ نے گرفتار غیر ملکیوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں 15 روزہ ون ٹائم ایگزٹ پرمٹ جاری کردیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق ملک بدر کیے جانے والے غیر ملکیوں کے نام بلیک لسٹ اور فارنرز کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق ملزمان مختلف ایپلی کیشنز کے ذریعے سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرتے اور رقم ہتھیاتے تھے۔ آن لائن فراڈ میں ملوث افراد کے مقامی سہولت کاروں اور ہینڈلرز کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بعض سرکاری اہلکاروں کی ممکنہ معاونت کے پہلو سے بھی تحقیقات جاری ہیں، جب کہ فراڈ نیٹ ورک سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے نے گلبرگ گرینز کے اسپارکو پلازا میں کارروائی کے دوران ان غیر ملکیوں کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار افراد میں اکثریت ویتنام، انڈونیشیا اور چین کے شہریوں کی ہے۔
حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور ملک بدری کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔













