ن لیگ ناکام لیگ ہے ،بلاول

شائع 16 جولائ 2016 02:21pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

مظفرآباد:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو  نے کہا ہے کہ ن لیگ درحقیقت ناکام لیگ ہے ۔ میٹرو منصوبہ گڈ گورننس نہیں۔ بلاول بھٹو نے مظفر آباد میں جوشیلا خطاب کیا اور مسلسل نعرے بھی لگواتے رہے۔ آزاد کشمیر میں انتخابات کا موسم ہے ۔ پیپلز پارٹی نے مظفر آباد میں میدان سجایا اورجیالوں کی بڑی تعداد چیئرمین کا خطاب سننے جلسہ گاہ پہنچی اور خوب جوش دکھایا۔

جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے ایک بار پھر حکومت پر تنقید کے تیر برسائے۔انہوں نے نواز شریف کو مودی کا دوست اورن لیگ کو ناکام لیگ قرار دیا۔

پرجوش بلاول کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا کشمیری عوام کی فلاح سے کوئی تعلق نہیں،ن لیگ کا بس چلے تو آزادکشمیر کے فنڈز بھی رائیونڈ پر خرچ کر دیئے جائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گڈ گورننس کے دعوے سن سن کرتھک چکا ہوں،ن لیگ ناکام لیگ ہے،میٹرو منصوبہ گڈ گورننس نہیں،حکومت غریبوں پر ٹیکس لگا کر امیروں کی جیب بھر رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے حکومت کی خارجہ پالیسی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اورکہا کہ آج پاکستان کے کسی ہمسایہ ملک کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم پر حکومت خاموش رہی اورپیپلزپارٹی کے دباؤ پر حکومت نے یوم سوگ کا اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو ووٹ دینا مودی کے دوست کو ووٹ دینے کے مترادف ہو گا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف لیڈر نہیں بزنس مین ہیں۔ان کی کرپشن کی عادت نے عوام کو دیوار سے لگا دیا،جب عوام نے حساب مانگا تو بیمار ہو گئے۔بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں تحریک انصاف کا نام لئے بغیر تنقید کی اور کہا کہ عوام ان لوگوں کو ووٹ نہ دیں جو کالعدم تنظیموں کی فنڈنگ میں ملوث ہیں۔