کوئٹہ:سول اسپتال میں دھماکا،جاں بحق افراد کی تعداد ستر ہوگئی

شائع 08 اگست 2016 03:51pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

کوئٹہ :کوئٹہ میں سول اسپتال میں خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد ستر سے زائد ہوگئی جبکہ سو سے زائد زخمی ہوگئے،تاحال متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

کوئٹہ میں خود کش بمبار نے سول اسپتال میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ دھماکے کے وقت اسپتال میں سینیئر وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ دھماکے میں ستر سے زائد افراد جاں بحق اور سو سے زائد زخمی ہو گئے ۔ بلوچستان حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔

دہشت گردوں نے ایک بار پھر معصوموں کو خون میں نہلا دیا۔ سول اسپتال میں ہونے والے دھماکے میں درجنوں وکلاء سمیت  متعدد افراد جاں بحق اور سو سے زائد زخمی ہو گئے۔

دہشت گردوں نے انتہائی منصوبہ بندی سے کارروائی کی۔صبح سوا نو بجے سے قبل کوئٹہ میں زندگی معمول پر تھی کہ اچانک منو جام روڈ پر شرپسندوں نے بلوچستان بار کے صدر بلال انور کاسی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

بلال انور کی لاش کو سول اسپتال پہنچایا گیا توبلوچستان کے سینیئر وکلاء بھی اسپتال پہنچے،موقعے پر بڑی تعداد میں وکلا اور دیگر افراد اسپتال میں جمع تھے کہ ٹھیک سوا دس بجے زمین لرز گئی۔وکلاء کے درمیان موجود خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے سے جائے وقوعہ پر گرد و غبار کے بادل چھاگئے۔

ابتدائی طور پر دھماکے میں وکلا کے علاوہ ایک خاتون اور تین بچے بھی موت کی وادی میں چلے گئےاور اب ان میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور تاحال جاں بحق افراد ستر سے زائد جاں بحق جبکہ سو سے زائد زخمی ہوگئےہیں ۔

دھماکے کے بعد شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ سمیت دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا،ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو دوسرے شہروں میں بھی بھجوایا جارہا ہے۔