پاک فوج نے بھارت کے سرجیکل اسٹرائیکس کادعویٰ مسترد کردیا

شائع 29 ستمبر 2016 10:50am
فائل فوٹو فائل فوٹو

راولپنڈی :پاک فوج نے بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس کا دعوی مسترد کردیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے۔

آئی ایس پی آر  کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہےکہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج نے جاری روایتی انداز میں فائرنگ کی ، اس کا پاک فوج کی طرف سے اسی انداز میں سخت اور موثر انداز میں جواب بھی دیا گیا ۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی اسٹیبلشمنٹ نے گمراہ کن انداز میں اس کارروائی کو مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں پر سرجیکل اسٹرائیک ظاہر کرنے کی کوشش کی، بھارت کی جانب سے میڈیا مہم جوئی کیلئے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی اگر کوئی سرجیکل اسٹرائیک ہوئی تو اس کا اسی انداز میں سخت جواب دیا جائے گا۔

 عاصم باجوہ نے کہاہےکہ لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج نےفائرکیا جس کا پاک فوج نےبھرپورجواب دیا،وہاں کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں ہوئی، بھارت نے عوام کو خوش کرنے کیلیےپروپیگنڈا کیا ۔

دوسری جانب  پاک فضائیہ کے ترجمان کا بھی کہناہےکہ سرجیکل اسٹرائیکس کا دعوی جھوٹ ہے، فضائیہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیارہے، فضائی حدود کی ہرصورت حفاظت کی جائے گی۔