پاناما پیپرز پرعدالتی کارروائی کا خیر مقدم کرتا ہوں ،نواز شریف
فائل فوٹواسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف نے پاناما پیپرز پرعدالتی کارروائی کے آغاز پر کہا کہ وہ سپریم کورٹ کی کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کیلئے بہتر ہوگا کہ نئے احتجاج سے پہلے عدالت کے فیصلے کا انتظار بھی کر لیا جائے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہاکہ وہ پاناما پیپرز پر سپریم کورٹ میں کارروائی کے آغاز کا کھلے دل سے خیر مقدم کرتے ہیں، ماضی میں بھی اپوزیشن کے مطالبے سے پہلے ہی حکومت نے معزز ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کی پیشکش کی۔
چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمیشن سے متعلق اپوزیشن کے مطالبہ کو بھی کسی ہچکچاہٹ کے بغیر تسلیم کیا کیا گیا، لیکن پھر ٹی اوآرزکا تنازعہ شروع کر کے سپریم کورٹ کے راستے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں۔
حکومت نے سپریم کورٹ کے نکات کی روشنی میں پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی پھر اپوزیشن نے آئینی اور قانونی تقاضوں کے برعکس ایک متوازی بل پیش کر دیا ، اس کے ساتھ قومی اسمبلی میں متعلقہ قانون سازی کا بل بھی پیش کردیا۔
وزیراعظم نے کہاہےکہ وہ قوم سے دو بار خطاب اور قومی اسمبلی میں خطاب میں اپنا تفصیلی موقف پیش کرچکے ہیں۔
دوسری جانب سے حکومت کی نیک نیتی پر مبنی تمام کوششوں کو سبوتاژ کیا گیا، پاناما پیپرز کا معاملہ اب الیکشن کمیشن، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں آچکا ہے ، وہ آئین کی پاسداری، قانون کی حکمرانی اور مکمل شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ عوام کی عدالت تو پے در پے فیصلے صادر کر رہی ہے اب بہتر ہوگا کہ عدالت کے فیصلے کا انتظار بھی کر لیا جائے۔
ذرائع کاکہناہے کہ قبل ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہرکو بند کیا گیاتو قانون حرکت میں آئے گا،قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔