وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کاجہانگیربدر کے انتقال پر اظہار افسوس

شائع 14 نومبر 2016 04:44am
فائل فوٹو فائل فوٹو

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی سیاست اور جمہوریت کےلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک سینئر سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے، جمہوریت کے لئے ان کی گراں قدر قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے بھی پیپلزپارٹی کے رہنما کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہ کہ سیاست میں انکی طویل جدوجہد کارکنوں کےلئے مشعل راہ ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جہانگیر بدر ایک ایسے رہنما تھے جو کارکنوں کے دلوں میں بستے تھے۔

جہانگیر بدر کے انتقال پر مسلم لیگ قاف کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی،چوہدری شجاعت حسین،تحریک انصاف کے رہنما محمودالرشید،اعجاز چوہدری،پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن،نوید چوہدی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے جہانگیر بدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔