فلم کی ریلیز سے قبل سنجے دت ناکامی کے خوف کا شکار
ممبئی:بولی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت فلموں کے حوالے سے کم اور جیل جانے کے حوالے سے زیادہ خبروں میں رہتے ہیں ،دت اس وقت اپنی نئی فلم"بھومی"کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ، سنجے دت کے کرئیر کوسہارا دینےکیلئے یہ فلم نہایت اہم تصور کی جارہی ہے کیونکہ جیل میں کافی طویل عرصہ رہنے کے بعد یہ سنجے کی کم بیک فلم ہوگی۔
لہٰذا سنجے اپنی فلم کو لے کر کافی سنجیدہ ہیں اور نہیں چاہتے کہ ان کی فلم کا عامر خان کی فلم "سیکریٹ سُپر اسٹار"سے ٹکراؤ ہو اور" بھومی" باکس آفس پر فلاپ ہو جائے اس لیے انہوں نے فلم کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق سنجے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ "میں جانتا ہوں ایک فلم بنانے میں کتنی محنت لگتی ہے،میرا اس بات پر یقین ہے کہ اتنی محنت کے بعد آپ کو بدلے میں اچھا نتیجہ ملنا چاہئے ،میں باکس آفس پر فلموں کے درمیان تصادم نہیں چاہتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عامر خان میرا بہت اچھا دوست ہے اور میں نہیں چاہتا میری کم بیک فلم ان کی فلم کے مخالف آئے،ہم اس انڈسٹری میں ایک ساتھ کا م کرتے ہیں اس لیے ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہئے۔
واضح رہے کہ فلم "بھومی"رواں سال 4 اگست کو ریلیز ہونے والی تھی لیکن سنجے دت نے فلم کے پروڈیوسر بھوشن کمار اور سندیپ سنگھ سے درخواست کی ہے کہ ریلیز کی تاریخ کو تبدیل کیا جائے ،اس حوالے سے آخری فیصلہ ٹی-سیریز اور لیجنڈ اسٹو ڈیو کمپنی کرے گی۔
یاد رہے کہ فلم "بھومی"میں سنجے دت اداکارہ آدیتی راؤ حیدری کے والد کا کردار نبھا رہے ہیں ،فلم باپ بیٹی کے رشتے کے گرد گھومتی ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔