Aaj News

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف کیسز کی سماعت آج ہوگی

190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل میں درخواست ضمانت سمیت 3 درخواستوں پر سماعت ہوگی، جانیےتازہ ترین خبریں

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل: بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر قرار

متنازع ٹوئٹ کیس: اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

آسٹریلوی ہائی کمشنر کی عمران خان سمیت کئی پاکستانی سیاست دانوں سے غیرمعمولی ملاقاتیں

پارٹی رہنماؤں کا عمران خان سے راہیں جدا کرنے کا سلسلہ جاری

9 مئی واقعہ: عمران خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور شہریار آفریدی دوبارہ گرفتار

پٹرول بم بنا کر دینے والی خواتین ہیں، آئی جی پنجاب

سوات میں مقدمات درج ہونے کے بعد کئی پی ٹی آئی قائدین روپوش

جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور

190 ملین پاؤنڈ کیس: نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے فوادچوہدری کو شامل تفتیش کرلیا

آڈیو لیکس کمیشن پر حکومتی اعتراض، تینوں ججز سے علیحدہ ہونے کی درخواست

جلاؤ گھیراؤ کیس میں ملوث ماں اور بیٹی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

عمران خان کے گھر کے دوبارہ سرچ وارنٹ جاری

سندھ ہائیکورٹ نے ایم پی او کے تحت گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کی تفصیلات کرلیں

9 مئی واقعات: پی ٹی آئی کے سابق رہنما جمشید چیمہ اور انکی اہلیہ شامل تفتیش ہوگئے

حملے کرنے والے ڈائیلاگ کے اہل نہیں، وزیر اعظم

ثاقب نثار کے بیٹے نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقاتی کمیٹی کو چیلنج کردیا

صحافی سمیع ابراہیم گھر واپس پہنچ گئے

سابق صدر آصف زرداری آج اسلام آباد سے لاہور آئیں گے

غیرقانونی بھرتی کیس: سابق وزیراعظم شاہد خاقان کو بھی ریلیف مل گیا

عمران خان نے عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

اسد عمر کی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں ضمانت کنفرم

اسلام آباد: ریڈیو پاکستان کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی شوکاز نوٹس: الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کے وکیل کو آخری موقع

نئے قانون سے مائنس عمران اور پلس نواز فارمولا وجود میں آسکتا ہے، شیخ رشید

پراسیکیوشن ونگ پنجاب کا خواتین ملزموں کی ضمانت منسوخی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

نوازشریف کی بطور صدر ن لیگ بحالی کی درخواست خارج

راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 4 جون تک توسیع، نوٹیفکیشن جاری

اپ ڈیٹ 31 مئ 2023 02:34pm

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل: بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر قرار

فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی سماعت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیرمؤثر قرار دے دی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان اپنی اہلیہ بشری بی بی کے ساتھ اندر کمرہ عدالت میں نہیں آئے اور گاڑی میں انتظار کرتے رہے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے مؤقف اپنایا کہ ہماری کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی نہیں، ہم نے بشریٰ بی بی کے کبھی وارنٹ جاری نہیں کیے اور نہ ہی کسی ٹیم نے چھاپہ مارا ہے، جب وارنٹ ہی نہیں تو درخواست ضمانت خارج کی جائے، عمران خان نے ٹی وی چینل پر بیٹھ کر نیب کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا، چیئرمین نیب اورادارے کیخلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کی، یہ بدنیتی ہے تاکہ نیب کو دبایا جائے، درخواست گزار ملزمہ ہیں، انویسٹی گیشن میں تعاون کرے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ نیب اتنا صاف اور پارسا ہوتا تو نیب پرانے ججمنٹ سے شروع کرے گا، اگر ملزمہ کی گرفتاری مطلوب نہیں، اس کے وارنٹ نہیں تو عدالت نہیں کہے گی تفتیش جوائن کرے، ہمیں ایک نوٹس موصول نہیں ہوا اور انویسٹی گیشن شروع کر دی گئی، عمران خان کے ساتھ بشری بی بی نیب گئیں تو انہوں نے کہا ہم نے بلایا ہی نہیں۔

نیب کے تفتیشی آفیسر میاں عمر ندیم نے مؤقف اپنایا کہ ملزمہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی ضرورت نہیں۔

جس پر احتساب عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری نہ ہونے کی وجہ سے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔

اس کے بعد عمران خان بشریٰ بی بی کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس سے اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف روانہ ہوگئے۔

سیکیورٹی انتظامات سخت

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

جوڈیشل کمپلیکس: عمران کی 3 گاڑیوں کو اجازت نہ ملی

پی ٹی آئی لیگل کی ٹیم نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 3 گاڑیوں کی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں داخلے کی اجازت مانگی تاہم انہیں اجازت نہ ملی۔

عمران خان کی گاڑی کے ہمراہ جیمرز والی گاڑیاں بھی لاہور سے اسلام آباد آئی ہیں۔

رجسٹرار جوڈیشل کمپلیکس نے عمران خان کی 3 گاڑیوں کی جوڈیشل کمپلیکس میں داخلےکی درخواست مسترد کر دی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی ایک گاڑی کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ہمراہ جیمرز والی گاڑیاں جوڈیشل کمپلیکس میں داخل نہیں ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق رجسٹرار کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس پر تعینات سیکیورٹی کو اس ضمن میں پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔

عمران کی گاڑی ہائیکورٹ میں لانے کی درخواست مسترد

عمران خان کی گاڑی کو ہائی کورٹ بلڈنگ میں لانے کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔

عمران خان کے وکلاء نے رجسٹرار ہائیکورٹ کے پاس درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی تھی کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کی 3 گاڑیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے۔

سیکیورٹی برانچ نے عمران خان کی گاڑی کو ہائی کورٹ بلڈنگ میں لانے کی درخواست مسترد کر دی۔

اپ ڈیٹ 31 مئ 2023 08:30am

متنازع ٹوئٹ کیس: اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی

اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد نے متنازع ٹویٹ کے معاملہ پر اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اعظم سواتی کو آج فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا تھا۔

اس سے قبل وارنٹ کی تعمیل کروانے والے ایف آئی اے اہلکار ممتاز عدالت میں پیش ہوئے۔

ایف آئی اے اہلکار ممتاز نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی گھر پر بھی نہیں تھے نہ کسی نے دروازہ کھولا۔

ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان نے عدالت سے استدعا کی کہ اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کا دور ہے، ہر آدمی لمحہ بہ لمحہ آگاہ ہوجاتا ہے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سب کو پتہ ہوتا ہے کون کہاں ہے وکیل کو بھی پتہ ہوتا ہے۔

اس پر اعظم سواتی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پہلے یہ تو چیک کرا لیں تعمیل کیسے کروا رہے ہیں، جس واٹس ایپ نمبر پر وارنٹ کی تعمیل بھیجی گئی وہ میرا نمبر ہے۔

اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد اعظم خان نے کہا کہ آپ ہائیکورٹ کا آرڈر جمع کروادیں جس میں وارنٹ کی تعمیل سے متعلق حکم ہے۔

عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر اور وکیل اعظم سواتی کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔

بعد ازاں عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

قبل ازیں، اسلام آباد کی عدالت نے متنازع ٹوئٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کردی تھی۔

مزید پڑھیں: متنازعہ ٹوئٹ کیس: اعظم سواتی کو کیس کا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت

عدالت نے اعظم سواتی کی عدم حاضری پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر کی تھی۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر نے اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ وارنٹ کی تعمیل کی کارروائی کی گئی ہے، وارنٹ کی تعمیل کے وقت اعظم سواتی اپنے گھر میں موجود نہیں تھے۔

اعظم سواتی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرا اعظم سواتی سے رابطہ نہیں ہو سکا، تفتیشی افسر وارنٹ کی تعمیل کے لیے کہاں گئے، کیسے تعمیل کروائی؟

مزید پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ نے اعظم سواتی سے متعلق بڑا حکم دے دیا

اسپیشل جج سینٹرل اعظم خان نے وارنٹ کی تعمیل کروانے والے اہلکار کو طلب کر لیا جس کے بعد عدالت نے اعظم سواتی متنازع ٹوئٹس کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔

اعظم سواتی متنازعہ ٹوئٹس کیس کا پس منظر

سابق وزیر ریلوے اعظم سواتی کو 13 اکتوبر کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اسلام آباد چک شہزاد کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اعظم سواتی کیخلاف مقدمات : آئی جی سندھ نے عدالت میں معافی مانگ لی

خاندنی ذرائع نے اعظم سواتی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ رات 3 بجے کچھ افراد فارم ہاؤس پر آئے اور اعظم سواتی کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

خاندانی ذرائع نے مزید بتایا کہ سینیٹر اعظم سواتی کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گرفتار کیا جبکہ ایف آئی نے فوری طور پر اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

مزید پڑھیں: متنازعہ ٹویٹ کیس: اعظم سواتی کے دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری

جس کے بعد ایف آئی اے نے اعظم سواتی کے خلاف پیکا قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں 20،131،500 اور 505 کی دفعات شامل تھیں۔

مقدمے میں شامل تعزیت پاکستان کی دفعہ میں بتایا گیا کہ اعظم سواتی نے بد نیتی پرمبنی ٹویٹ کیا جو کہ مقاصد کی تکمیل کے لئے انتہائی تضحیک آمیز تھا، اعظم سواتی نے ریاستی اداروں کو براہ راست نشانہ بنایا۔

ایف آئی اے کے مقدمے میں متنازع ٹویٹ کا متن بھی شامل ہے، جس میں کہا گیا کہ ٹویٹ اداروں میں تقسیم پھیلانے کی گھناؤنی سازش ہے۔

یاد رہے کہ اعظم سواتی منی لانڈرنگ اور فارن فنڈنگ کیس میں نامزد تھے، ایف آئی اے نےفارن فنڈنگ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت کل 11عہدیدارون کونامزد کیا۔

شائع 30 مئ 2023 10:14pm

آسٹریلوی ہائی کمشنر کی عمران خان سمیت کئی پاکستانی سیاست دانوں سے غیرمعمولی ملاقاتیں

آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے زمان پارک میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے اہم ملاقات کی ہے۔

اس سے قبل آج ہی کے روز آسٹریلوی ہائی کمشنر جہانگیر ترین، مریم نواز اور نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ملاقات کرچکے ہیں۔

یہ ملاقاتیں غیر معمولی نوعیت کی حامل ہیں۔

جہانگیر ترین سے ملاقات میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نے نیل ہاکنز نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جہانگیر ترین ممکنہ طور پر رواں ہفتے نئی پارٹی کا اعلان بھی کریں گے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے جہانگیر ترین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔

اس دوران رہنما ترین گروپ اسحاق خاکوانی، عون چوہدری سمیت دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 10:01pm

پارٹی رہنماؤں کا عمران خان سے راہیں جدا کرنے کا سلسلہ جاری

فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کا عمران خان سے راہیں جدا کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ٹی آئی چھوڑنے والی سندھ کی 2 اہم شخصیات نے جہانگیر ترین سے رابطہ کرلیا۔

9 مئی کو حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے اور لوٹ مار کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے درجنوں رہنما دلبرداشتہ ہوکر پارٹی سے راہیں جدا کررہے ہیں، ان رہنماؤں میں وہ بھی شامل ہیں جنہوں نے پی ٹی آئی کی بنیادیں رکھی تھیں، ان رہنماؤں میں سابق گورنر عمران اسماعیل اور علی زیدی بھی شامل ہیں۔

سندھ کی 2 اہم شخصیات کا جہانگیرترین سے رابطہ

ذرائع کا کہناہے کہ سندھ سے تحریک انصاف چھوڑنے والی 2 اہم شخصیات نے سینئر سیاستدان جہانگیرترین سے رابطہ کیا ہے اور سیاسی حوالے سے معاملات طے کرلئے ہیں، جب کہ خیبرپختونخوا سے بھی اہم شخصیات جہانگیر ترین سےرابطے میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی ملک بھر سے مختلف رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے، وہ آج بھی کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، اور ان کی جانب سے رواں ہفتے نئی پارٹی کا اعلان متوقع ہے۔

سابق ایم پی اے عمران پرویز دھول کا ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خانیوال سے تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے عمران پرویز دھول نے سابق سٹی صدر خانیوال مبارک علی اور لودھراں سے جنرل سیکرٹری شہزاد انور کے ہمراہ 9 مئی کے واقعات کے مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا۔

سابق ایم پی اے عمران پرویز دھول کا کہنا تھا کہ میں 2013 میں پی ٹی آئی میں شامل ہوا تھا، پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے میں نے بہت محنت کی، لیکن 9 مئی کے دلخراش واقعات نے تڑپا کر رکھ دیا، ادارے ملک کی سلامتی کا باعث ہوتے ہیں۔

صدر پی ٹی آئی چکوال نے پارٹی چھوڑ دی

صدر پی ٹی آئی چکوال پیر وقار حسین، نائب صدر سردارعامرعباس اور صدر پی ٹی آئی چوآ سیدن شاہ راجہ ذوالفقار اسلم نے بھی تحریک انصاف کو خیرآباد کہہ دیا۔

پیر وقارحسین نے کہا کہ نو مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف چھوڑنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا تاہم آزاد حیثیت سے اپنی سیاست جاری رکھوں گا۔

ہزارہ ڈویژن سے پی ٹی آئی کی پہلی وکٹ گرگئی

پی ٹی آئی ضلع مانسہرہ کے رہنما سید احمد حسین شاہ نے بھی تحریک انصاف سے راہیں جدا کرلیں۔ انھوں نے مانسہرہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان ائیرفورس اور پاکستان نیوی میں اٹھارہ سال بطور لیفٹینیٹ کمانڈر ملازمت کی، پاک فوج کے افسران اور جوان ہر وقت ملک کی حفاظت کے لئے تیار رہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نومئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں نو مئی کو لاہور کور کمانڈر کے گھر پر جو حملہ ہوا، کور کمانڈر پشاور کے گھر کا گھیراؤ اور جی ایچ کیو پر جو حملہ ہوا اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

سید احمد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ فورسز پر حملے پاکستان پر حملے ہیں، اس لئے میں پی ٹی آئی کو الوداع کہتا ہوں، آئندہ کا لائے عمل مشاورت سے کیا جائے گا۔

راجہ یاسر کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

سابق صوبائی وزیر پی ٹی آئی راجہ یاسر ہمایوں نے ویڈیو بیان میں سیاست چھوڑںے کا اعلان کیا۔ انھون نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت عمران خان کی وجہ سے کی، اگر مائنس ون فارمولہ ہوجاتا ہے، اگر کپتان ہی نہیں تو میرا پارٹی میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں، ہمارا خاندان مسلم لیگ ن مخالف قوتوں کے ساتھ مل کر سیاست کرتا رہے گا۔

فواد چوہدری کے کزن فوق شیرباد نے ٹکٹ واپس کردیا

چوہدری فوق شیرباز عمران خان کے ساتھ
چوہدری فوق شیرباز عمران خان کے ساتھ

حال ہی میں تحریک انصاف کو چھوڑنے والے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے کزن اور جہلم سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر فوق شیر باز نے پارٹی سے راہیں جدا کرلی ہیں۔

فوق شیرباز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے 9مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ پارٹی ٹکٹ واپس کررہا ہوں، جب کہ مستقبل کا فیصلہ ساتھیوں کی مشاورت سے کروں گا۔

فرخ حبیب کا ٹوئٹ

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اپنے ٹوئٹ میں گجرات سے سابق ایم پی اے سلیم سرور کی گرفتاری کی ویڈیو جاری کردی۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ گجرات سے ایم پی اے سلیم سرور جو دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں پولیس انھیں گرفتار کررہی ہے، سلام ہے ان کے جذبہ کو جو کہہ رہے پریس کانفرنس نہیں کروں گا۔

روپوش رہنما کامران بنگش کی مذمت

بیس دن سے روپوش پی ٹی آئی رہنما اور سابق صوبائی وزیر کامران بنگش نے ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی شہری کی طرح نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔ املاک کو نقصان پہنچانے والوں کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ شرپسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پاک فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 07:06pm

9 مئی واقعہ: عمران خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

ملک میں 9 مئی کو جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو آج طلب کیا گیا تھا۔

عمران خان خود تو جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے لیکن انھوں نے اپنی لیگل ٹیم بھیج دی۔ لاہور میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس پہنچنے پر لیگل ٹیم کا کہنا تھا کہ بہت مختصر وقت میں ہمیں نوٹس ملا ، چیئرمین پی ٹی آئی آج کی طلبی پر جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہوں گے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل کے آفس سے جانے کے بعد عمران خان کی 4 رکنی ٹیم بھی دفتر سے روانہ ہوگئی۔ وکیل نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے عمران خان کی لیگل ٹیم سے درخواست ہی وصول نہیں کی، درخواست میں استدعا کرنی تھی کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے زمان پارک میں مؤقف لے لیا جائے۔

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران خان کی سربراہی میں بننے والی جے آئی ٹی نے عمران خان کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس قلعہ گجر سنگھ میں طلب کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات پر پنجاب حکومت نے 10 مختلف جے آئی ٹیز بنائی تھیں۔ عمران خان تھانہ سرور روڈ، شادمان سمیت دیگر تھانوں کے مقدمات میں نامزد ہیں۔

یاد رہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹیز) نے 9 مئی واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بے گناہ اور گناہ گار کا تعین تفتیش کے تقاضے پورے کر کے کیا جارہا ہے۔

جے آئی ٹی حکام نے ایک ہفتے پہلے کہا تھا کہ حملوں میں ملوث 1634 افراد ابھی تک انتہائی مطلوب ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں جبکہ جیوفینسنگ سے 471 افراد کی شناخت مکمل کرلی، 422 افراد سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیئے ہیں۔

حکام نے بتایا تھا کہ تحقیقاتی ٹیموں نے 688 افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں 571 افراد کو جیل بھجوایا جا چکا ہے۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 06:56pm

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور شہریار آفریدی دوبارہ گرفتار

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان (دائیں) اور شہریار آفریدی (بائیں)- فائل فوٹو
پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان (دائیں) اور شہریار آفریدی (بائیں)- فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان اور شہریار آفریدی کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کو اڈیالہ جیل کے باہر سے دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ، علی محمد خان کو خیبر پختونخوا پولیس نے حراست میں لیا۔ عمران خان کے قریبی ساتھی کو رہائی کے بعد تیسری بار گرفتارکیا گیا۔

اس سے قبل علی محمد خان کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے احکامات پر اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ جیل حکام کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کو نظر بندی کی مدت پوری ہونے پر رہا کیا گیا تھا۔

دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کو بھی اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوری بعد گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کی نظربندی کے خلاف سماعت ہوئی۔

عدالت نے شہریار آفریدی کو 15 روز کی نظر بندی کے بعد رہا کیا تاہم انہیں رہا ہوتے ہی راولپنڈی پولیس نے دوبارہ گرفتار کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔

شائع 30 مئ 2023 05:07pm

پٹرول بم بنا کر دینے والی خواتین ہیں، آئی جی پنجاب

اسکرین گریب: پی ٹی وی
اسکرین گریب: پی ٹی وی

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ ہر شخص کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوتی ہے، سوشل میڈیا پر گرفتار خواتین سے متعلق جعلی خبریں لگائی گئیں، گرفتار خواتین پر تشدد کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے دیگر پولیس حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے تقاضے پورے کرکے ہی گرفتاری کی جاتی ہے۔

آئی جی عثمان انور کا کہنا تھا کہ عوام اپنے اداروں پر اعتماد بحال رکھیں، جیل کے اندر 150 سے زائد کیمرے موجود ہیں۔

دوران پریس کانفرنس ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد کی ملاقات کروائی جارہی ہے۔

ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا کہ سوشل میڈیا پرغلط خبریں چلائی جارہی ہیں، خواتین کو گھر سے کپڑے منگوا کر دیئے گئے ہیں، انہیں مکمل طبی اور دیگر سہولیات دی جارہی ہیں۔

آئی جی عثمان انورکا کہنا تھا کہ پٹرول بم بنا کر دینے والی خواتین ہیں، لوگوں کو موقع سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار لوگوں نے خود ہی اپنے ساتھیوں کا بتایا ہے، جس کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں سے تصدیق کی گئی اور پھر گرفتاریاں کی گئیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ مظاہرین نے خاتون ایس ایچ او پر تشدد کیا، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کا مکمل ڈیٹا موجود ہے۔

آئی جی عثمان انور نے کہا کہ میرے اپنے دوست پولیس افسران کے بچے گرفتار ہوئے، ہم نے ان بچوں کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا ہے۔

شائع 30 مئ 2023 04:38pm

سوات میں مقدمات درج ہونے کے بعد کئی پی ٹی آئی قائدین روپوش

سابق ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم دائیں سے پہلے، سابق ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان دوسرے، سابق ممبر صوبائی اسمبلی میاں شرفت علی تیسرے اور مینگورہ سٹی میئر شاہد علی بالترتیب چھوتھے نمبر پر۔ تصاویر بزریعہ مصنف
سابق ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم دائیں سے پہلے، سابق ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان دوسرے، سابق ممبر صوبائی اسمبلی میاں شرفت علی تیسرے اور مینگورہ سٹی میئر شاہد علی بالترتیب چھوتھے نمبر پر۔ تصاویر بزریعہ مصنف

سوات پولیس کی جانب سے اشتعال انگیز تقاریر پر تحریک انصاف کے قائدین، سابق ممبران اسمبلی اور کارکنوں پر ایف آئی آر درج کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کئی قائدین روپوش ہیں۔

مینگورہ پولیس اسٹیشن میں 10 مئی کو نشاط چوک میں اشتعال انگیز تقاریر پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم، میئر مینگوہ شاہد علی اور مراد سعید کے بھائی کلیم سمیت بارہ کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اس سے پہلے سیدو شریف پولیس اسٹیشن میں بھی میں اداروں کو دھمکیاں اور لوگوں میں خوف وہراس پھیلانے پر سابق ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان، میئر شاہد علی اور فضل حکیم سمیت 200 سے زائد کارکنان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

خوازہ خیلہ پولیس اسٹیشن میں اداروں کے خلاف بیان بازی پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی اور دیگر کے خلاف ایف آئی درج ہوئی۔

مٹہ پولیس اسٹیشن میں تین اہم کارکنان کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی، اور تینوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتاری کی خوف سے سابق ممبران اسمبلی اور رہنما روپوش ہوگئے ہیں، اور پولیس کی گرفتاری کیلئے کوشش جاری ہے۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 03:52pm

جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور

فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور کرلیے۔

عمران خان جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش ہوئے۔

عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد کے روبرو پیش ہوکر ضمانتی مچلکے جمع کرائے۔

عدالت نے عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور کرلیے۔

عدالت نے آج عمران خان کو ضامن کے ساتھ خود بھی پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے 9 مئی واقعات کے مقدمات میں عمران خان کی 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

عدالت نے عمران خان کو تینوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

عمران خان مچلکے جمع کرانے کے بعد انسدا دہشت گردی عدالت سے روانہ ہوگئے۔

عمران خان کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات درج ہیں۔

عمران خان کی گاڑی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں لانے کی اجازت دی گئی، ان کی درخواست پر ایڈمن جج عبہر گل نے اجازت دی، جس کے بعد جیمر والی گاڑی اور سیکیورٹی کی گاڑیاں زمان پارک پہنچی تھیں۔

ظل شاہ قتل کیس: عمران خان کے ضمانتی مچلکے لاہور ہائیکورٹ میں جمع

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان لاہور ہائیکورٹ پہنچے، جہاں انہوں نے طل شاہ قتل کیس میں ضمانتی مچلکے جمع کروائے۔

ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد عمران خان زمان پارک روانہ ہو گئے۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 03:44pm

190 ملین پاؤنڈ کیس: نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے فوادچوہدری کو شامل تفتیش کرلیا

فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے نیب کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دے دیا جبکہ نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم نے انہیں شامل تفتیش کرلیا۔

فواد چوہدری نیب راولپنڈی آفس پہنچے، وہ آفس کے عقبی دروازے سے داخل ہوئے۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے 13 دسمبر 2019 کی میٹنگ کے فیصلے سے متعلق نیب کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔

جس کے بعد کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم نے فواد چوہدری کو شامل تفتیش کرلیا، تقریبا ایک گھنٹے تک ان سے تفتیش کی گئی۔

تفتیش کے بعد سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نیب آفس سے روانہ ہو گئے۔

میڈیا نمائندگان نے فواد چوہدری کی گاڑی کو روکنے اور گفتگو کرنے کی کوشش کی لیکن وہ میڈیا سے چھپ کر واپس روانہ ہوئے۔

القادر ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط کرنے والے وکیل کا بیان ریکارڈ

دوسری جانب نیب راولپنڈی نے القادر ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط کرنے والے وکیل کا بیان ریکارڈ کرلیا۔

نیب کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ نے کس حیثیت میں ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط کیے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے زمین منتقل کرانے کی اتھارٹی دی۔

نیب نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا فراہم کردہ اتھارٹی لیٹر فراہم کیا جائے۔

نیب نے پھر سوال کیا کہ القادر ٹرسٹ کو نجی سوسائٹی سے کتنےعطیات ملے؟ جس پر وکیل طالب حسین نے کہا کہ مجھے اس حوالے سے کوئی علم نہیں، میں نے 458 کنال زمین کی منتقلی کی ٹرسٹ ڈیڈپردستخط کیے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس: شیخ رشید نے نیب میں جواب جمع کرادیا

اس سے قبل نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب کی جانب سے طلب کیے جانے کے معاملے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قومی احتساب بیورو (نیب) میں جواب جمع کرادیا۔

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید طلبی پر نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوئے، ان کی جگہ وکیل سردار شہباز خان نیب میں پیش ہوئے اور سابق وزیر کی جانب سے جواب نیب میں جمع کرایا۔

شیخ رشید کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں القادر ٹرسٹ کیس کا معاملہ آیا تو کابینہ میٹنگ میں موجود نہیں تھا، القادر ٹرسٹ معاملہ زیر بحث آنے سے قبل کابینہ اجلاس سے چلے گئے تھے۔

سابق وزیر داخلہ نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ اس وقت کے احتساب وزیر شہزاد اکبر سے بھی تعلقات ٹھیک نہیں تھے اور شہزاد اکبر سے ان دنوں میری کوئی بات چیت بھی نہیں تھی۔

شیخ رشید نے کیس سے متعلق کوئی دستاویزات نہ ہونے کا بھی بتایا۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو آج طلب کیا تھا۔

نیب حکام نے شیخ رشید کو کیس سے متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی تھی۔

اس سے قبل القادر ٹرسٹ کیس میں نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کیا تھا جبکہ ان سے اس حوالے سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 03:19pm

آڈیو لیکس کمیشن پر حکومتی اعتراض، تینوں ججز سے علیحدہ ہونے کی درخواست

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں آڈیو لیکس کمیشن کے بینچ پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے نیا بینچ تشکیل دینے کی استدعا کردی۔

حکومت نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

مزید پڑھیں: مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات: انکوائری کمیشن نے مزید کارروائی روک دی

حکومت نے متفرق درخواست آڈیو لیک کمیشن کے خلاف درخواستوں کے کیس میں جمع کرائی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر آڈیو لیک کا مقدمہ نہ سنیں، تینوں معزز ججز 5 رکنی لارجر بینچ میں بیٹھنے سے انکار کردیں، 26 مئی کو سماعت کے دوران چیف جسٹس پر اٹھے اعتراض کو پذیرائی نہیں دی گئی۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیشن کو کام کرنے سے روک دیا

درخواست میں کہا گیا کہ انکوائری کمیشن کے سامنے ایک آڈیو چیف جسٹس کی خوش دامن سے متعلقہ ہے، عدالتی فیصلوں اور ججز کوڈ آف کنڈیکٹ کے مطابق جج اپنے رشتہ کا مقدمہ نہیں سن سکتا، ماضی میں ارسلان افتخار کیس میں چیف جسٹس افتخار چوہدری نے اعتراض پر خود کو بینچ سے الگ کر لیا تھا، مبینہ آڈیو لیک جسٹس اعجاز الااحسن اور جسٹس منیب اختر سے بھی متعلقہ ہیں۔

مزید پڑھیں: صدر سپریم کورٹ بار نے آڈیو لیکس کمیشن کا طلبی نوٹس چیلنج کردیا

درخواست میں استدعا کی گئی کہ وفاقی حکومت کی آڈیو لیک کمیشن کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیا جائے۔

سپریم کورٹ میں آڈیو لیکس کمشین کیس بدھ کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس نے آڈیو لیک کمیشن کیخلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دیدیا

چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ کیس سماعت کرے گا۔

شائع 30 مئ 2023 03:10pm

جلاؤ گھیراؤ کیس میں ملوث ماں اور بیٹی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

عدالت نے جناح ہاوس مقدمہ میں زیرحراست دو خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

کورکمانڈر ہاؤس پر حملہ اورجلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں زیر حراست دو خواتین کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کر دیا گیا۔

پی ٹی آئی دونوں کارکنان عائشہ مسعود اور ماحہ مسعود ماں بیٹی ہیں، جنہیں چہرے ڈھانپ کرعدالت پیش کیا گیا۔

کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ خواتین تھانہ سرور روڈ میں درج جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتارہوئی ہیں، دونوں خواتین کی شناخت پریڈ کے لئے ریمانڈ درکار ہے۔

عدالت نے دونوں خواتین کو شناخت پریڈ کیلئے7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 02:48pm

عمران خان کے گھر کے دوبارہ سرچ وارنٹ جاری

عدالت نے عمران خان کی گھر کے سرچ ورانٹ منسوخ کرانے کی درخواست مسترد کردی اور ریمارکس دیئے کہ ایسا کوئی قانون نہیں ہے کہ سرچ وارنٹ منسوخ کئے جائیں۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے گھر کے سرچ ورانٹ منسوخ کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اے ٹی سی کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے سماعت کی۔

درخواست گزار عمران خان کی طرف سے میاں تبسم ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عمران خان نے اپنی درخواست کمشنر لاہور اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا اور مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت سے 18 مئی کو پولیس نے بدنیتی کی بنیاد پر سرچ ورانٹ حاصل کیے، جس مقدمے میں سرچ ورانٹ حاصل کیے گئے اس میں درخواست گزار کا کوئی کردار نہیں۔

عدالت کے سامنے مؤقف پیش کیا گیا کہ درخواست گزار نے میڈیا کی موجودگی میں فریقین کو سرچ ورانٹ پر عمل کی اجازت دے دی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ 18 مئی کو جاری سرچ وارنٹ کالعدم اور غیر قانونی قرار دے۔

عدالت نے عمران خان کے وکیل میاں تبسم سے استفسار کیا کہ آپ نے درخواست میں مخالف فریق پر الزامات لگائے ہیں، وہ بتائیں، کس قانون کے تحت سرچ وارنٹ کو کالعدم کیا جائے۔

عمران خان کے وکیل میاں تبسم نے عدالت کو بتایا کہ سرچ وارنٹ میں کسی مقدمہ کا ذکر نہیں ہے۔

کمشنر لاہور نے عدالت کو بتایا کہ زمان پارک کے باہر تجاوزات تھیں ہم اسی کیلئے وہاں گئے تھے، ہم نے گھر کے اندر کوئی سرچ آپریشن نہیں کیا۔

عدالت نے ایس ایس پی صہیب اشرف سے بھی استفسار کیا کہ آپ عمران خان کے گھر کیا کرنے گئے تھے۔ جس پر ایس ایس پی صہیب اشرف نے جواب دیا کہ ہم زمان پارک کے اطراف تجاوزات ہٹانے کیلئے گئے تھے۔

عدالت نے کمشنر اور ایس ایس پی کے بیانات کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔

دوران سماعت عدالت میں ڈی آئی جی آپریشن کی جانب سے رپورٹ جمع کرادی گئی، اور پولیس رپورٹ میں عمران خان کے گھر سرچ آپریشن کی اجازت طلب کی گئی۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے سرچ وارنٹ پر عمل درآمد کرانا ہے۔ تفتیش افسر نے جواب دیا کہ جی سرچ وارنٹ پر عمل کرانا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کا تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ نے کس تاریخ کیلئے سرچ وارنٹ لئے تھے اور آج کیا تاریخ ہو گئی۔ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ 18 مئی کیلئے سرچ وارنٹ لئے گئے تھے، عدالت عمل درآمد کیلئے کچھ مہلت دے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اب آپ نیا سرچ وارنٹ لیں گے، پرانا والا قابل عمل نہیں ہو گا۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سرچ وارنٹ کو منسوخ کرے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایسا کوئی قانون نہیں ہے کہ سرچ وارنٹ منسوخ کئے جائیں۔ عدالت نے عمران خان کی سرچ وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کرتے ہوئے دوبارہ سرچ وارنٹ جاری کر دئیے، اور پولیس کو نئے سرچ وارنٹ جاری کر کے تلاشی کا عمل مکمل کرنے کی اجازت دے دی۔

عمران خان کی درخواست

عمران خان نے 27 مئی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں گھر کے سرچ ورانٹ منسوخ کرانے کے لیے داخواست دائر کی تھی، جس میں کمشنر لاہور اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

عمران خان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت سے 18 مئی کو پولیس نے بدنیتی کی بنیاد پر سرچ ورانٹ حاصل کیے، عدالت 18 مئی کو جاری سرچ ورانٹ کالعدم اور غیر قانونی قرار دے۔

شائع 30 مئ 2023 02:39pm

سندھ ہائیکورٹ نے ایم پی او کے تحت گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کی تفصیلات کرلیں

سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت، محکمہ داخلہ اور آئی جی سندھ سے ایم پی او کے تحت گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی تفصیلات کرلیں۔

پی ٹی آئی نے ایم پی او کے تحت گرفتار 120 کارکنان کی رہائی کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پولیس نے کارکنان کو شہر کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا، جلاوگھیراوسےکوئی تعلق نہیں، حراست میں لینے کے بعد جیکب آباد، سکھر، میرپور خاص اور دیگر جیلوں میں منتقل کردیا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ حکومت کے نظر بندی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے سندھ حکومت، محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ اور دیگر سے رپورٹ طلب کرلی۔

سندھ ہائیکورٹ نے یکم جون کو ایم پی او کے تحت نظر بند شہریوں سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پہلے سے زیر سماعت درخواست کو بھی یکجا کردیا ۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 02:09pm

9 مئی واقعات: پی ٹی آئی کے سابق رہنما جمشید چیمہ اور انکی اہلیہ شامل تفتیش ہوگئے

تحریک انصاف کے سابق رہنما جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ 9 مئی کو توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں شامل تفتیش ہوگئے۔

حال ہی میں تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے سابق رہنما مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ 9 مئی کے واقعات کے کیس میں شامل تفتیش ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مسرت جمیشد چیمہ اور جمشید چیمہ اپنے وکلاء کے ہمراہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہوئے، اور دونوں میاں بیوی نے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ دونوں ملزمان کیخلاف 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے الزام میں پانچ مقدمات درج ہیں۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 02:08pm

حملے کرنے والے ڈائیلاگ کے اہل نہیں، وزیر اعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حملے کرنے والے ڈائیلاگ کے اہل نہیں، جمہوری روایت کاتقاضا ہے ان عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی ہونی چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ معیشت اور جس طرح کے حالات اس کو چلانے کیلئے چاہیے ہوتے ہیں کے بارے میں عمران نیازی کی سمجھ بوجھ کافی محدود ہے اور ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لانے میں اپنے کلیدی کردار کو بھی وہ بڑی آسانی سے بھول جاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل کو توڑ کر پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی عمران خان کی خواہش ڈھکی چھپی نہیں، ان کی نہ رکنے والی مزاحمت کی سیاست، لانگ مارچ اور دھرنوں سے ملک میں سیاسی بحران پیدا کرکے ملکی معیشت پر منفی اثرات ان کوششوں کے علاوہ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی جانب سے دانستہ طور پر پیدا کی جانے والی بے یقینی کی صورتحال کی وجہ سے پاکستانی سرمایہ کار بھی اپنا سرمایہ لگانے سے گریز کررہے ہیں، صرف 9 مئی کے واقعات ہی نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے اور یہ ان کے ناپاک عزائم کا کھلم کھلا ثبوت ہیں اور ابھی ان کے بے تحاشہ کرپشن کے کیسز کی لمبی داستان بھی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہمیں ابھی بھی معاشی مشکلات کا سامنا ہے، لیکن ہم الحمداللہ بحرانی کیفیت سے نکل چکے ہیں، ان معاشی مشکلات پر قابو پانے کیلئے سنجیدگی سے حکومت ٹھوس معاشی منصوبہ بندی اور پالیسی سطح پر مداخلت سے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہم دوست اور شراکت دار ممالک سے مل کر جہاں جہاں ضرورت ہے وہاں مالی خلاء کو پورا کر رہے ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ درآمدات کو کم کرنا اور افراط زر میں کمی اصل چیلنجز ہیں، جن سے اسی وقت ہی صحیح معنوں میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے جب ہم برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداوار میں اضافے کو معیشت ٹھیک کرنے کے بنیادی عناصر بنائیں گے اور ہماری تمام تر کوششیں و توانائیاں اس ہدف کے حصول میں کاربند ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سیاسی عمل میں ڈائیلاگ انتہائی اہم ہوتے ہیں، ڈائیلاگ کے ذریعے ہی جمہوریت کو مزید پختہ کیاجا سکتا، ہمیشہ ڈائیلاگ اوراتفاق رائےسے ہی پیشرفت ہوتی رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک بڑا اورواضح فرق ہے، آج سیاست کا لبادہ اوڑھ کر ریاستی تنصیابت پر حملے کئے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حساس تنصیبات پر حملے کرنے والے ڈائیلاگ کے اہل نہیں، جمہوری روایت کاتقاضا ہے ان عناصرکیخلاف بھرپورکاروائی ہونی چاہیے۔

شائع 30 مئ 2023 01:48pm

ثاقب نثار کے بیٹے نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقاتی کمیٹی کو چیلنج کردیا

سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی اور اس کے نوٹس کے خلاف نجم الثاقب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری پارلیمانی امور، اسپیکر قومی اسمبلی، خصوصی کمیٹی اور سیکریٹری کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے 2 مئی کو اسپیکر قومی اسمبلی نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے ارکان پارلیمنٹ کی ڈیمانڈ کے بغیر خود سے ایک کمیٹی قائم کی، مبینہ آڈیو لیکس پٹیشنر کی پرائیویسی میں مداخلت اور غیرقانونی سرویلنس کا نتیجہ ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اسپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی غیرقانونی ہے، انہیں ایسا کرنے کا اختیار نہیں تھا، کمیٹی کے اجلاس کے بغیر سیکرٹری کمیٹی کی جانب سے ذاتی حیثیت میں طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا، قانون کے مطابق آڈیو لیک کو کسی ٹرائل یا تفتیش میں صرف اس ٖصورت شامل کیا جا سکتا ہے جب یہ معلوم ہو کہ آڈیو کس نے ریکارڈ کی اور کس مقصد کے لیے ریکارڈ کی گئی۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اسپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی کو غیر قانونی قرار دے کر کارروائی کو معطل کرے اور درخواست پر فیصلہ ہونے تک پٹیشنر کے خلاف تادیبی کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

شائع 30 مئ 2023 01:33pm

صحافی سمیع ابراہیم گھر واپس پہنچ گئے

تصویر: ٹوئٹر
تصویر: ٹوئٹر

سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت کرنے والے معروف صحافی سمیع ابراہیم 6 روز گھر واپس پہنچ گئے۔

صحافی صدیق جان نے بھی ٹوئٹر پر ابراہیم کی واپسی کا اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ عمران ریاض خان بھی جلد واپس آئیں گے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سمیع ابراہیم کو 24 مئی کو اسلام آباد میں نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس حوالے سے کچھ علم نہیں ہوا کہ انہیں کہاں رکھا گیا تھا۔

اینکر پرسن سمیع ابراہیم ”بول نیوز“ کے ہیں، ان کے چینل کے مطابق سمیع ابراہیم کو دفتر سے گھرجاتے ہوئے سیونتھ ایونیو سے گرفتار کیا گیا تھا۔

سمیعابراہیم کے کے بھائی علی رضا نے وفاقی دارالحکومت کے آبپارہ تھانے میں اغواء کی شکایت درج کرائی تھی۔

گھرواپس آنے والے سمیع ابراہیم نے ٹویٹ میں اللہ کا شکر ادا کیا۔

شائع 30 مئ 2023 01:24pm

سابق صدر آصف زرداری آج اسلام آباد سے لاہور آئیں گے

فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

سابق صدر آصف زرداری آج اسلام آباد سے لاہور آئیں گے، جہاں وہ اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری آج اسلام آباد سے لاہور آئیں گے۔

آصف زرداری بحریہ ٹاؤن بلاول ہاؤس میں قیام کریں گےاور قیام کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

آصف زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف اور چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 01:18pm

غیرقانونی بھرتی کیس: سابق وزیراعظم شاہد خاقان کو بھی ریلیف مل گیا

احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا۔

کراچی کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی سمیت دیگرملزمان احتساب عدالت پیش ہوئے۔

شیخ عمران الحق اور یعقوب ستار کی جانب سے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان پر مقدمہ مئی 2020 میں قائم کیا گیا تھا، ملزمان کے خلاف 50 کروڑ سے کم کی کرپشن کا الزام ہے، نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد اب اس عدالت کو سماعت کا اختیار نہیں ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ریفرنس واپس نیب کو بھیجنے کی درخواست پر فیصلہ سنادیا اورریفرنس واپس نیب بھیج کو دیا۔

ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی، سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق ، ستار یعقوب، سابق وفاقی سیکریٹری ارشد مرزا شامل نامزد ہیں۔

فیصلہ آنے کے بعد عدالت کے باہر موجود ن لیگ کے کارکنان نے شاہد خاقان عباسی کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

شاہد خاقان عباسی کا بیان

کیس کی سماعت سے قبل عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 3 سال سے زیادہ ہو گئے، عوام کو بتایا جائے کہ کیس میں ہے کیا اور کیا ہو رہا ہے، عدالتی فیصلہ پڑھ لیا جاتا تو فرد جرم بھی عائد نہیں ہوتی، اس کیس سے ادارے اور ہمارا وقت ضائع ہو رہا ہے، ابھی تک کوئی گواہ اورثبوت نہیں پیش ہوسکے، نیب کو جعلی کیس بنانے پر معافی مانگنی چاہئے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان پہلے کہتے تھے کہ میں نے مجرموں کو گرفتار کروایا، آج کہتے ہیں میں نے کسی کو گرفتار نہیں کروایا۔

شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ نیب کے ہوتے ہوئے ملک نہیں چلے گا، ملک پر رحم کریں اور نیب کو ختم کریں، سیاسی لوگوں کے کیسز کے حقائق عوام کے سامنے رکھنے چاہیے، ہمیں آئین کو سمجھنے اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے اس سے ملکی مسائل میں کمی آئے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام ملک کیلئے اہم ہے، آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑیں گی، حکومت کا فرض ہے کہ عوام پر کم از کم بوجھ پڑے، مہنگائی حکومت کی ناکامی ہوتی ہے، موجودہ حکومت گزشتہ حکومت کاملبہ برداشت کررہی ہے، آج مل بیٹھ کر معاملات حل کرنےکی ضرورت ہے۔

شائع 30 مئ 2023 12:23pm

عمران خان نے عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے 26 مئی کو پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں شراب اور کوکین کے اجزا پائے گئے ہیں۔ بیان پر تحریک انصاف نے قادر پٹیل، قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت وزارتِ صحت اور پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔

میڈیکل رپورٹ پر وزیرِصحت کی پریس کانفرنس کے خلاف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے قادر پٹیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا گیا ہے، اور وفاقی وزیر کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیرصحت کو نوٹس عمران خان کے وکیل ابو ذر سلمان نیازی کی جانب سے بھجوایا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عبدالقادر پٹیل 15 روز میں اپنے بیہودہ الزامات واپس لیں، اور عمران خان سےغیرمشروط معافی مانگیں، اگر انہوں ںے معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔

شائع 30 مئ 2023 12:22pm

اسد عمر کی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں ضمانت کنفرم

فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں ضمانت کنفرم کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباسی نے عمران خان کی پیشی کے موقع پر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج اسد عمر کے خلاف مقدمے کی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: اسدعمر کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ

پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود نہ ہونے کے باوجود بھی ضمانت نہیں دی جاسکتی، ملزم پر بھڑکانے اور اشتعال دلانے کے الزامات ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اشتعال دلانے کا الزام ہے تو حراست میں لینا کیوں ضروری ہے؟۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ انویسٹ گیشن کے لیے اسد عمر پولیس کو درکار ہیں، جوڈیشل کمپلیکس اور ہائیکورٹ کے درمیان فاصلہ ایک کلومیٹر کا ہے، ملزم آسانی سے جائے وقوعہ سے ہائیکورٹ پہنچ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ووٹ صرف عمران خان کا ہے، اسد عمر کا ضمانت منظور ہونے کے بعد بیان

عدالت نے ریمارکس دیے کہ میڈیا بھی بڑی تعداد میں اس روز جائے وقوعہ پر موجود تھا۔

اسد عمر کے وکیل نے کہا کہ کچھ گھروں میں بیٹھے لوگوں پر بھی ایف آئی آر درج کر دی گئیں، اسد عمر جوڈیشل کمپلیکس کے روڈ سے بھی اس روز نہیں گزرے۔

بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اسد عمر کی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں ضمانت کنفرم کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے اسد عمر کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

شائع 30 مئ 2023 12:02pm

اسلام آباد: ریڈیو پاکستان کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

اسلام آباد کے ریڈ زون میں ریڈیو پاکستان کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج جاری ہے، ملازمین نے احتجاج کے لیے وزیراعظم ہاؤس جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے مظاہرین کو روک دیا۔

اسلام آباد کا ریڈ زون ایک بار پھر احتجاج کا مرکزبن گیا، ریڈیو پاکستان کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے، حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے وزیراعظم ہاؤس جانے کی کوشش تاہم پولیس نے انہیں جانے سے روک دیا جبکہ پولیس اہلکاروں اور مظاہرین میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ 3 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں، وزیراعظم نے 48 گھنٹوں کے اندر تنخواہیں دینے کا وعدہ کیا جو تاحال پورا نہیں ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 نافذ کے باعث شاہراہ دستورپردھرنے یا احتجاج کی اجازت نہیں۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 11:40am

ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی شوکاز نوٹس: الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کے وکیل کو آخری موقع

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی سے متعلق شوکاز نوٹس پر سماعت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کو آخری موقع دے دیا اور کیس کی مزید سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی سے متعلق شوکاز نوٹس پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: ممنوعہ فنڈ ضبطگی کیس: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی

پی ٹی آئی کی جانب سے معاون وکیل نوید انجم الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا گزشتہ سماعت پر بھی انور منصور کی مرضی کی تاریخ دی گئی، ہم آپ کی مرضی کی تاریخ دیتے ہیں۔

معاون وکیل نے بتایا کہ انور منصور سندھ ہائیکورٹ میں ہیں، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن میں پیشی کا تو پھر کسی کو وقت نہیں ملے گا، 22 اگست کو کیس شروع ہوا، جو ابھی تک چل رہا ہے، 10 ماہ بعد بھی کیس کی سماعت شروع نہیں سکی، اس طرح کام نہیں چلے گا، اس عمل کو کہیں روکنا ہو گا۔

الیکشن کمیشن نے دلائل دینے کے لیے پی ٹی آئی کے وکیل کو آخری موقع دے دیا۔

مزید پڑھیں: ممنوعہ فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اعتراضات مسترد کردیے

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ خود پیش نہیں ہو سکیں تو کم از کم جواب تو جمع کرائیں۔

پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکان کو گرفتار کیا گیا، تحریکِ انصاف کے تمام عہدے دار روپوش ہیں، چھاپوں کے خوف سے پی ٹی آئی کے دفاتر بند ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ اس طرح تو پھر آئندہ جنرل الیکشن کے بعد تک سماعت ملتوی کر دیتے ہیں، الیکشن کمیشن مرکزی کیس میں فیصلہ سنا چکا ہے، آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیے تو موجودہ ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ سنا دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی سے متعلق شوکاز نوٹس پر سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔

شائع 30 مئ 2023 11:30am

نئے قانون سے مائنس عمران اور پلس نواز فارمولا وجود میں آسکتا ہے، شیخ رشید

فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نئے قانون سے مائنس عمران اور پلس نواز فارمولا وجود میں آسکتا ہے، نواز شریف بھی آجائے تاکہ روز روز کی چِک چِک ختم ہو۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ رات نیب کا نوٹس موصول ہوا ہے جس کا آج تحریری جواب دے رہا ہوں جبکہ میں یہ بتاچکا ہوں، القادر ٹرسٹ ایجنڈے کے وقت میں موجود نہیں تھا کیونکہ شہزاد اکبر سے میری کبھی بھی بات چیت نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ کل ایک قانون نافذ العمل ہوا ہے جس سے مائنس عمران خان اور پلس نوازشریف فارمولا وجود میں آسکتا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف بھی آجائے تاکہ روز روز کی چِک چِک ختم ہو، نواز شریف کی گاڑی چھوٹ چکی ہے، جب ڈالر 312 روپے کا ہوگا اور 18 لاکھ آٹے کے تھیلے رمضان میں غائب ہوں گے تو لوگوں کو سمجھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، 7 کروڑ نوجوانوں کی جیب میں موبائل فون ہیں، جو اپنا فیصلہ خود کرنے کا شعور رکھتے ہیں جنہیں بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میرے سمیت ساری قوم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے لیکن 13 پارٹیوں کا ٹولا اسے اپنا سیاسی بیانہ نہ بنائے، ایک ماہ سے دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہورہی ہے اور ہمارے گندے کپڑے میڈیا پر دھوئے جارہے ہیں، سپریم کورٹ کہتی ہے کہ چند لوگوں کے لیے قانون سازی نہیں ہوسکتی، دیکھیں یکم جون کو سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے۔

شائع 30 مئ 2023 10:53am

پراسیکیوشن ونگ پنجاب کا خواتین ملزموں کی ضمانت منسوخی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

فیصل آباد میں خفیہ ایجنسی کے دفتر پر حملے کے مقدمے میں 7 خواتین کی بعد از گرفتاری ضمانتوں کے معاملے پر پراسیکیوشن ونگ پنجاب نے خواتین ملزموں کی ضمانت منسوخی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

مزید پڑھیں: لبرٹی سے گرفتار پی ٹی آئی کی 17 خواتین کی نظربندی کا فیصلہ معطل

پراسیکیوشن ونگ پنجاب کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ خفیہ ایجنسی کے دفتر پر حملے میں 7 خواتین ملزموں کے خلاف تھانہ سول لائنز فیصل آباد میں مقدمہ درج ہے، انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمے میں نامزد نہ ہونے کی بناء پر ضمانتیں منظور کیں، ملزم خواتین سے پیٹرول سے بھری بوتلیں برآمد ہوئیں۔

مزید پڑھیں: 9 مئی کو جناح ہاؤس کے اندر اور باہر موجود 300 سے زائد خواتین کی فہرست تیار

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ خواتین خفیہ ایجنسی کے دفتر پر حملے میں ملوث ہیں ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 10:42am

نوازشریف کی بطور صدر ن لیگ بحالی کی درخواست خارج

نوازشریف کی بطور ن لیگ کے صدر بحالی کیلئے اعتراضی دائر درخواست بھی خارج کردی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کی بطور مسلم لیگ نون کے صدر بحالی کے لیے اعتراضی دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار آفاق احمد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف پیش کیا کہ جو وقوع نوازشریف کے ساتھ تھا اب عمران خان کے ساتھ ہے۔

عدالت نے درخواستگزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی استدعا پڑھیں۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ کنوازشریف کو پارٹی صدر کے عہدے پر بحال کیا جائے، جب کہ عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق صادق آمین نہیں رہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے، اور الیکشن کمیشن کو ریکارڈ کی درستگی کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو 2 کیسز میں نااہل کیا تھا، آپ کو سپریم کورٹ سے ریلیف مل سکتا ہے، نوازشریف کوعہدےپربحالی کا حکم سپریم کورٹ جاری کرسکتی ہے۔ عدالت نے دفتری اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔

نواز شریف کی بطور صدر ن لیگ بحالی کے لئے درخواست واپس

درخواستگزار آفاق احمد ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بطور مسلم لیگ ن کے صدر بحالی کے لئے درخواست دائرکی تھی، جس میں مؤقف پیش کیا گیا تھا کہ 2017 میں نواز شریف کو قومی اسمبلی سے نااہل قرار دیا گیا، ان کے خلاف عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق نے درخواست دائر کی تھی، 2018 میں عدالت نے نوازشریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سپریم کورٹ نے این اے 95 میانوالی سےعمران خان کو نااہل قرار کیا، شیخ رشید اور سراج الحق نےعمران خان کا ساتھ دیا تھا، عمران خان کا ساتھ دینے پر ان دونوں رہنماؤں کو پارٹی سربراہی سے الگ ہو جانا چاہیے۔

درخواست میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی گئی کہ عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق صادق و امین نہیں رہے، عدالت عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق کیخلاف آرٹیکل 63 کے تحت کاروائی عمل میں لانے کا حکم دے، اور نواز شریف کو پارٹی صدارت پر بحال کرنے کا حکم جاری کرے۔

رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا کہ اس معاملے کی سماعت سپریم کورٹ نے کی اور حکم جاری کیا، ہائیکورٹ اس کی سماعت نہیں کرسکتا۔ رجسٹرار نے درخواست گزار کی درخواست واپس کردی تھی۔ آج اعتراضی درخواست پر سماعت ہوئی ہے۔

شائع 30 مئ 2023 10:33am

راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 4 جون تک توسیع، نوٹیفکیشن جاری

فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 میں 4 جون تک توسیع کردی۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے دفعہ 144 میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور اجتماعات پر مکمل طور پر پابندی عائد رہے گی، اس کے علاوہ ضلع بھر میں اسلحے کے استعمال پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کا اطلاق حساس اداروں، پولیس افسران، خواتین اور بچوں پر نہیں ہوگا، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔