کیمپ جیل لاہور میں فواد حسن فواد کی بیرک کے باہرآتشزدگی، سعد رفیق زخمی

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2020 10:26am
فائل فوٹو

کیمپ جیل لاہور میں قید سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی بیرک کے باہر آتشزدگی کے واقعے میں مسلم لیگ ن کے رہنماءخواجہ سعد رفیق سر پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے۔

ذرائع کیمپ جیل لاہور کے مطابق رات گئے نیب کی بیرک میں شارٹ سرکٹ کےباعث اچانک آگ بھڑک اٹھی،آگ نواز شریف کے سابق سیکرٹری  فوادحسن فواد کی بیرک کے باہر لگی۔

مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءخواجہ سعد رفیق ایمرجنسی فون کال  کرتے ہوئے سر پر چوٹ لگنے سے معمولی زخمی ہوئے،جیل کے عملے نے آگ پر قابو پا لیا،ریسکیو ٹیم بلانے کی ضرورت پیش نہ آئی۔

خواجہ سعد رفیق نے سر پر چوٹ لگنے کے واقعےکا ذکر آج احتساب عدالت کے سامنے بھی کیا۔

اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ لاہور کیمپ جیل اسد وڑائچ کا کہنا ہے کہ کیمپ جیل میں رات گئے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی تھی،آگ لگنے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، فائربریگیڈ کے آنے سے قبل ہی جیل عملے نے آگ پر قابو پا لیا تھا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے سیاسی مخالفین کی جیل میں آتشزدگی پریشانی اور فکر کی بات ہے۔