سرد موسم کے پیش نظر پنجاب کے تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں مزیداضافہ

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2020 10:46am
فائل فوٹو

لاہور سمیت پنجاب بھر میں آج کھلنے والے اسکولز ایک بار پھر بند کر دئیے گئے،محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے سرد موسم کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں مزید اضافہ کردیا۔

بارش میں بیگ اٹھائے رکشوں اور وینز سے اترتے بچے آج خوش تو بہت دکھائی دئیے لیکن محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے سرد موسم کے باعث سرکاری تعلیمی اداروں کو ایک بار پھر ایک ہفتے کے لیے بند کردیا۔

محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں میں 12جنوری تک تعطیلات کا اعلان کردیا ،20دسمبر سے 5جنوری تک چھٹیاں انجوائے کرنے والے بچے اب ایک مرتبہ پھر 7جنوری سے 12 جنوری تک سردی کے دن گھروں پر گزاریں گے،تعطیلات ختم ہونے کے بعد 13جنوری کو بچے دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔

پرائیویٹ سکول ایجوکیشن کے عہدیدار نوٹیفکیشن ملنے کے بعد اجلاس میں اسکول کھولنے یا بند کرنے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک ہفتہ بارش جاری رہنے اور سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔