شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درِخوست پر فیصلہ17جنوری تک محفوظ

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2020 11:20am
فائل فوٹو

لاہور :احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل اور آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درِخوست پر فیصلہ 17جنوری تک محفوظ کرلیا۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس کی سماعت کی، حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔

امجد پرویز ایڈوکیٹ نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درِخواست اور میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کیں۔

امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے شہبازشریف کو بیرون ملک طبی معائنے کیلئے 9 جنوری اور 15 جنوری کا وقت دیا ہے، عدالت کو مطمئن کرنے کے لئے درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ بھی لگائی ہے۔

وکیل نیب وارث جنجوعہ نے استدعا کی کہ عدالت حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 17 جنوری تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے رمضان شوگر میں حمزہ شہباز  کے جوڈیشیل ریمانڈ میں بھی توسیع کر تے ہوئے انہیں 17 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔