”تمام سیاسی جماعتیں افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں“

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2020 10:21am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دشمن یہ بات اچھی طرح جان لیں کہ قومی مفاد پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں اور اپنی افواج کے ساتھ  سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سروسز ایکٹ میں ترامیم کی کثرت رائے سے منظوری پر اپوزیشن کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی خاص طور پر تعریف کی مستحق ہے،پی پی نے اپنی پیش کردہ ترامیم واپس لے لیں،پیپلزپارٹی نےحب الوطنی کا ثبوت پیش کیا۔

فردوس عاشق اعوا ن نے کہا کہ ملکی تحفظ سے جڑی اہم قانون سازی پر سیاسی جماعتوں نے برد باری اور اتفاق کا مظاہرہ کیا،ثابت کیا ملک پرمشکل وقت میں تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں، پارلیمنٹ نے پیغام دیا ہم افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑے ہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ آج جو یکجہتی اور مفاہمت کی فضاء نظرآئی ،حکومت اسے آگےلے جانا چاہتی ہے،سیاسی استحکام کا فائدہ عام عوام کو پہنچتا ہے،2020استحکام اور آگےبڑھنےکا سال ثابت ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ احتساب سے حکومت کا کوئی ذاتی مفادنہیں، داغدارافراد احتساب سے گھبراتےہیں،احتساب کا عمل جاری رہے گا،رکے گا نہیں،احتساب قانون پر اپوزیشن کی تجاویزکا خیر مقدم کیا جائے گا۔