پاکستان کی خواہش ہے حالات نہ بگڑیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

اپ ڈیٹ 08 جنوری 2020 10:38am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا اور ایران سے موجودہ صورتحال میں ایک بار پھر تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے  حالات نہ بگڑیں اورخطہ جنگ کی نئی دلدل میں نہ پھنس جائے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ایران امریکا کشیدگی سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ آج ہونے والے حملے میں جانی نقصان کی اطلاعات سامنےنہیں آئیں،جوادظریف کے مطابق ایران کشیدگی کوبڑھانا نہیں چاہتا،امریکا کو بھی محتاط رہنا چاہیئے۔

موجودہ ایران امریکا کشیدگی کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے مزیدکہا کہ ہم سب کی کوشش ہے کہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ نہ ہو ،یہ خطہ کشیدگی اورجنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، صورتحال میں ٹھہراؤ پیدا ہو کیونکہ یہ صورتحال ابھی غیر یقینی ہے،اس لیے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا،جنگ کسی کے مفاد میں نہیں اس کے عالمی معیشت پراثرات مرتب ہوں گے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکا میں بھی ایک بہت بڑا طبقہ امریکی افواج کو ایک نئی جنگ میں جھونکنے کا خواہش مند نہیں ہے،پاکستان کی خواہش ہے کہ حالات نہ بگڑیں اور خطہ جنگ کی نئی دلدل میں نہ پھنس جائے۔

شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ، سیکیورٹی کونسل اور عالمی برادری کو فوری اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ان معاملات کو گفت وشنید کے ذریعے حل ہونا چاہیئے۔

وزیر خارجہ نے مزیدکہا کہ  بھارت میں حالات مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں، داخلی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے وہ بہت سے ہتھکنڈے آزما رہے ہیں اسی لیے ہم نے بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشن کے خطرے کا اظہار کیا،ہم سمجھتے ہیں کہ طاقت کے استعمال سے معاملات بگڑ تو سکتے ہیں سدھر نہیں سکتے۔