بلوچستان میں برفباری اور بارش، سیاحتی مقامات کا حسن اور نکھر گیا

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2020 08:44am
فائل فوٹو

کوئٹہ:بلوچستان کےمختلف علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے،برف باری سے بلوچستان کےسیاحتی مقامات کا حسن اور نکھر گیا۔

کوئٹہ میں گزشتہ رات سے جاری برفباری سے شہر اور گردو نواح کا ہر منظر ہی دلفریب ہوگیا،صبح کے اجالے نے برف باری کا منظر اور دلفریب بنادیا،کوئٹہ شہرمیں اب تک 4انچ برف پڑ چکی ہے۔

زیارت میں گزشتہ روز سے جاری برفباری سےہرچیزسفیدی سے ڈھک گئی۔

زیارت کے میدانی علاقوں میں ڈیڑھ فٹ اورپہاڑی علاقوں میں2فٹ کی برفباری کے باعث کوئٹہ زیارت،زیارت سنجاوی ،زیارت ہرنائی، روڈ بند ہے۔

چمن کوژک ٹاپ،مسلم باغ،قلعہ سیف اللہ، کان مہترزئی، قلات اور ژوب سمیت مختلف علاقوں میں برفباری جاری ہےجبکہ نوشکی،پنجگور سمیت مختلف علاقوں میں ہونےوالی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ۔

بلوچستان میں بارش اور برفباری کےساتھ ہی بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نےمعمولات زندگی متاثر کیے ہیں،،جس کےباعث مقامی افراد کو شدید پریشانی کاسامنا ہے۔