سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز 12گھنٹے کے لیےکھول دیئے گئے

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2020 11:11am
فائل فوٹو

کراچی :بالاخر 4روز کے بعد سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز صرف 12گھنٹے کے لیےکھول دیئے گئے، فلنگ اسٹیشنزکے باہر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئیں ہیں۔

بدھ کی صبح بند ہونے والے سی این جی اسٹیشنز آج صبح 7بجے کھول دیئے گئے,رات سے ہی سی این جی کے حصول کے لیےاسٹیشنز پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

صارفین کا کہنا تھا کبھی کبھی ملنے والی سی این جی کے لیے وہ کئی گھنٹوں سے قطار میں کھڑے ہیں،روزدفاتر میں ڈیوٹی کرتے ہیں ،چھٹی کے دن یہاں لائن میں لگنا پڑتا ہے۔

فلنگ اسٹیشنز پر نہ صرف رکشہ اور ٹیکسی بلکہ نجی گاڑیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے،دیہاڑی داروں نے شکوہ کیا کہ گیس بند ہونے سےان کے گھر کا چولہا جلنا مشکل ہوگیا ہے ۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم میں گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سےسندھ بھر کے فلنگ اسٹیشنز بدھ سے بند پڑے تھے۔