شاہ محمودقریشی کاکوروناسےنمٹنےکیلئےمشترکہ کاوشیں بروئےکارلانےکامطالبہ

اپ ڈیٹ 08 مئ 2020 09:01am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس کو غیر معمولی عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے اس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا مطالبہ کر دیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت  تھاٹ لیڈرزڈیجیٹل کے افتتاحی اجلاس میں عالمی سوچ رکھنے والے قائدین نے شرکت کی،جس میں کورونا وبا کے بعد کی صورتحال کے عالمی، علاقائی، سیاسی، سماجی اور معاشی اثرات و مضمرات پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے 8بلین ڈالر کی رقم کورنا وائرس کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے مختص کی ہے، لاک ڈاون کے باعث بیروزگار ہونے والے دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے75 ارب مالیت کا پیکج دیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی رویئےاور 5 اگست کے اقدامات کے باوجود پاکستان نے عالمی وبائی چیلنج کو پیش نظر رکھتے ہوئے اور خطے کے مفاد کیلئے سارک ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی لیکن ہمارے مثبت رویے کے باوجود  بھارت کے رویے میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ کورنا وائرس غیر معمولی عالمی چیلنج ہے، کورنا سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری برآمدات 41 فیصد تک کم ہو چکی ہیں، معاشی خسارہ جی ڈی پی کا 10 فیصد تک جانے کا خدشہ ہے،  جی 20 فورم نے اقتصادی معاونت کا اعلان کیا جو خوش آئند اقدام ہے۔