ماسک نہ پہننے پر پولیس نے بکرے کو گرفتار کرلیا
اترپردیش: بھارتی پولیس کا انوکھا کارنامہ، ماسک نہ پہننے پر ایک بکرے کو حراست میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانپور میں پولیس نے معمول کے گشت کے دوران ایک بکرے کو اس لئے حراست میں لیا کیونکہ اُس نے ماسک نہیں پہنا ہوا تھا۔ بکرے کے مالک نے تھانے پہنچ کر استدعا کی تو بکرا مالک کو واپس کردیا گیا تاہم یہ شرط رکھی گئی کہ بکرے کو دوبارہ ماسک کے بغیر سڑک پر نہیں چھوڑا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ عیدالضحیٰ کی آمد آمد ہے اور بیکن گنج ایریا کے رہائشیوں نے انہیں بتایا ہے کہ جانوروں کو بے مقصد علاقے میں گھمایا جارہا ہے۔
پولیس کا موقف ہے کہ بکرے کو ماسک نہ پہننے کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا گیا تھا بلکہ بکرے کو تھانے منتقل کرکے اس کے مالک کو تھانے بلانے اور تنبیہ کرنے کیلئے یہ قدم اٹھایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلا اور مختلف افراد اس پر طرح طرح کے ردعمل کا مظاہرہ کررہے تھے۔
یاد رہے کہ پولیس تھانے کے سرکل افسر سیف الدین نے اس سے قبل بھارتی خبر رساں ادارے کو بتایا تھا کہ اب تو لوگ اپنے کتوں کو بھی ماسک پہنا رہے ہیں تو بکرے کو کیوں نہیں پہنایا جاسکتا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔