طیارہ حادثہ لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان
کراچی: پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے طیارہ حادثہ لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کے انشورنس کمپنی کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، اس سے قبل تمام لواحقین کو پچاس لاکھ روپے ادا کئے جانے تھے جو کیرج بائی ائیر ایکٹ 2012 کے مطابق تھے۔
انشورنس کی رقم میں اضافہ سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے، وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی جانب سے سی ای او پی آئی اے کو خصوصی ہدایات دی گئیں تھیں۔
اب تمام مسافروں کے قانونی ورثاء کو ایک کروڑ روپے فی مسافر انشورنس کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔
اس سے قبل پی آئی اے دس لاکھ روپے فی مسافر جنازے اور تدفین کے زمرے میں پہلے ہی ادا کر چکی ہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق بڑھائی گئی انشورنس رقم پہلے سے ادا کی گئی رقم کے علاوہ ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے نے اس سلسلے میں کام مکمل کرلیا ہے اور اب اسے قانونی ورثاء کی جانب سے جانشینی سرٹیفیکیٹ کا انتظار ہے۔ اس سلسلے میں ورثاء کو خطوط ارسال کئے جارہے ہیں۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔