سُشانت سنگھ راجپوت نے ثانیہ مرزا سے کیا وعدہ کِیا تھا؟
رواں برس جون میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے کہا تھا کہ وہ ایک دن اُن کے ساتھ ٹینس ضرور کھیلیں گے تاہم ایسا نہ ہوسکا۔
پاکستانی اسٹار کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ نے سشانت سنگھ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ سشانت نے مجھ سے کہا تھا کہ ہم ایک دن ساتھ ٹینس ضرور کھیلیں گے۔
بھارتی ٹینس اسٹار نے ٹویٹ میں مزید لکھا تھا کہ 'تم (سشانت) زندگی اور قہقہوں سے بھرپور تھے، جہاں بھی جاتے تھے مسکراہٹیں بکھیر دیتے تھے۔'
ثانیہ نے لکھا تھا کہ 'ہم جانتے تک نہیں تھے کہ تم اس حد تک دل شکستہ ہو، دنیا تمہاری کمی بہت محسوس کرے گی۔'
انہوں نے سشانت کی موت پر اپنے جذبات واضح کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'میں یہ ٹویٹ کرتے ہوئے کانپ رہی ہوں، دائمی سکون میں رہو میرے دوست۔'
واضح رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے رواں برس 14 جون کو ممبئی میں اپنی رہائشگاہ پر مبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔ اداکار کے گھر سے پولیس کو جو کاغذات ملے، ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ڈپریشن میں مبتلا تھے اور اپنا علاج کروارہے تھے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔