Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

شاہینوں اور کیویز کے درمیان پہلا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

ماؤنٹ منگنوئی: شاہینوں اور کیویز کے درمیان کھیلا جارہا پہلا ...
شائع 29 دسمبر 2020 07:17pm

ماؤنٹ منگنوئی: شاہینوں اور کیویز کے درمیان کھیلا جارہا پہلا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں جیت کیلئے مزید 302 رنز جبکہ کیویز کو 7 وکٹیں درکار ہیں، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 373 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ماؤنٹ مونگنوئی ٹیسٹ کے چوتھے روز کیویز نے دوسری اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بناکر ڈیکلیئر کردی اور پاکستان کوجیت کیلئے 373 رنز کا ہدف دیا۔

کیوی اوپنر ٹام لیتھم اور ٹام بلنڈل نے نصف سینچریاں اسکور کیں جبکہ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 3 شکار کئے۔ ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو ساؤتھی اور بولٹ نے دونوں اوپنرز عابد علی اور شان مسعود کو صفر کے اسکور پر ہی چلتا کردیا۔ بعدازاں حارث سہیل بھی 9 رنز بناکر 37 کے مجموعے پر ڈگ آؤٹ واپس چل دیئے۔

تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد سابق کپتان اظہر علی اور فواد عالم نے محتاط بیٹنگ کی اور دن کے اختتام تک اسکور 71 تک پہنچایا۔ اظہر علی 34 اور فواد عالم 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کو کھیل کے آخری روز میچ جیتنے کیلئے مزید 302 رنز بنانا ہونگے جبکہ کیویز کو فتح سمیٹنے کیلئے 7 وکٹیں درکار ہیں۔ بظاہر یہ 302 مزید رنز کا حصول قومی ٹیم کیلئے مشکل نظر آتا ہے مگر شائقین کرکٹ نے کریز پر موجود دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں اظہر علی اور فواد عالم سے امیدیں باندھ لی ہیں۔

pak vs nz

pak vs nz tour 2020

pak vs nz test series 2020

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div