Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

حکومت امیروں کیلئے ایمنسٹی اسکیم اور غریب پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا ...
اپ ڈیٹ 10 جولائ 2021 11:01am

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت پراپرٹی اور اسٹاک مارکیٹ کے طاقتور اور امیر طبقات کے لئے خوشی خوشی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لاتی ہے لیکن معاشرے کے غریب ترین طبقات پر مہنگائی کے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عام استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں جون 2020 کے مقابلے میں جون 2021 میں 15.37 فیصد کا خوفناک اضافہ ہوا، مالی سال کے اختتام پر ایک سال میں ہونے والی مہنگائی غریب عوام کے لئے قیامت صغری سے کم نہیں، غریبوں اور عوام کے استعمال کی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بدترین امر یہ ہے کہ قیمتوں کے احساس اشاریے میں 20 فیصد غریب ترین پاکستانیوں کے لئے مہنگائی میں 17.58 فیصد کا ظالمانہ اضافہ ہوا، جس کا مطلب ہے کہ جو شخص جتنا غریب ہے، وہ اتنا ہی زیادہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ بلاشبہ موجودہ حکومت کے اقدامات غریبوں کی غربت بڑھانے اور ملکی ترقی کی اُلٹی گنتی کا باعث ہیں۔ در حقیقت یہ موجودہ حکومت کی بد انتظامی اور بے حسی کے خلاف فردِ جرم ہے۔

صدر (ن) لیگ کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت پراپرٹی اور اسٹاک مارکیٹ کے طاقتور اور امیر طبقات کے لئے خوشی خوشی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لاتی ہے لیکن معاشرے کے غریب ترین طبقات پر مہنگائی کے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے،عام استعمال کی اشیاء ضروریہ عوام کی پہنچ سے باہر ہیں، کسی حکومت کی اس سے بڑی معاشی ناکامی اور کیا ہوسکتی ہے کہ وہ مہنگائی قابو نہ کرسکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور افراط زر میں اضافے کے ساتھ بے روزگاری کا سمندر ہے، آمدن اور روزگار میں کمی ہوچکی ہے ، حکومت نے ان سنگین مسائل کے حل کے بجائے اس پر آنکھیں بند کررکھی ہیں، موجودہ حکومت نے آٹے، چینی، گھی اور خوردنی تیل پر سبسڈی اور رعایت دینے کو ترجیح نہیں بنایا، موجودہ حکومت نے غریبوں کو رعایت دینے کے بجائے لگژری گاڑیوں کی امپورٹ پر رعایت دی، حکومت کی توجہ یہ تھی کہ امپورٹڈ گاڑیاں سستی ہوجائیں۔

shahbaz sharif