مسجد میں شوٹنگ کیس، صبا قمر اور بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری

مسجد وزیرعلی خان میں شوٹنگ کیس میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی...
شائع 08 ستمبر 2021 09:26pm

مسجد وزیرعلی خان میں شوٹنگ کیس میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔

لاہور کی جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ منیر بھٹی نے مسجد وزیر خان میں ڈانس کرنے کے معاملے پر ادکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

عدالت نے چالان پیش ہونے پر ادکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو طلب کیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔

عدالت نے دونوں کے 6 اکتوبر کےلیے وارنٹ جاری کردیئے۔

پس منظر ۔ ۔ ۔

اگست کے مہینے میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں ایک گانے کی شوٹنگ کرنے پر اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

ان دونوں کے خلاف ایف آئی آر جمعرات کو صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کے اکبری گیٹ تھانے میں وکیل فرحت منظور کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔

تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 کے تحت کاٹی گئی اس ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ’مسجد کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے مسجد کے اندر ڈانس/گانا عکس بند کر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی۔‘

’قبول ہے‘ نامی اس گانے کو بلال سعید نے گایا ہے جبکہ صبا قمر اس میں بطور اداکارہ اور ڈائریکٹر کام کر رہی تھیں۔ اس گانے کے ریلیز ہونے سے قبل دونوں کو سوشل میڈیا پر مذہبی حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔