دوست کی شادی میں جوتا چھپائی کے دوران شاہ رخ خان کے بیٹے کا جھگڑا
بولی ووڈ ’کنگ‘ شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان کی ایک حالیہ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچائی ہوئی ہے، جس میں وہ اپنے بہترین دوست کی شادی میں ’جوتا چھپائی‘ کی رسم کے دوران بھرپور ایکشن میں نظر آ رہے ہیں۔
آریان خان عام طور پر اپنی سنجیدہ طبیعت کے لیے جانے جاتے ہیں، لیکن حال ہی میں اپنے قریبی دوست ماہر مہتا اور ریا ندکرنی کی شادی میں ان کا ایک بالکل مختلف اور شرارتی روپ دیکھنے کو ملا۔
شادی کی تقریبات کا انتظام کرنے والی کمپنی زیسٹ ایونٹس کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آریان خان جینز اور براؤن جیکٹ پہنے ’جوتا چھپائی‘ کی رسم میں جوتے کو مضبوطی سے تھامے ہوئے ہیں۔
دلہن والے اسے چھیننے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں مگرآریان خان بھی پوری جان لگا رہے ہیں۔ اس دوران ہنسی مذاق، کھینچا تانی اور ہلکی پھلکی افراتفری کا ماحول بن جاتا ہے۔
ویڈیو میں ایک موقع پر ان کا اپنا توازن بگڑتا نظر آتا ہے، لیکن وہ ہمت نہیں ہارتے اور آخرکار جوتا لے کر وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور مداح آریان کے اس دلچسپ اور پرجوش انداز کو خوب پسند کر رہے ہیں۔
آریان خان ان دنوں صرف اپنی نجی زندگی کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کی وجہ سے بھی خبروں میں ہیں۔
انہوں نے نیٹ فلکس کی سیریز ’دی بیڈز آف بالی وڈ‘ کے ذریعے اپنی ہدایت کاری کا آغاز کر دیا ہے۔
کثیر جہتی کردار: اس سیریز میں وہ نہ صرف ڈائریکٹر ہیں بلکہ رائٹر اور شو رنر کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔ اس پروجیکٹ میں بوبی دیول، مونا سنگھ اور لکشیا جیسے نامور اداکار شامل ہیں۔
















