Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

نیوزی لینڈ کوشکست، آسٹریلیا پہلی بار ٹی20 ورلڈکپ کا نیا چیمپئن بن گیا

دبئی: آسٹریلیافائنل میں نیوزی لینڈ کو8 وکٹوں سےشکست دے کر پہلی...
شائع 15 نومبر 2021 08:56am

دبئی: آسٹریلیافائنل میں نیوزی لینڈ کو8 وکٹوں سےشکست دے کر پہلی بار آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈکپ کا نیا چیمپئن بن گیا۔

آسٹریلیا نے 173 رنز کا ہدف با آسانی 19ویں اوور میں2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،مچل مارش 77اور ڈیوڈ وارنر 53 رنز بناکر نمایاں رہے ۔

دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، کپتان کین ولیم سن 85 رنز بناکر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، یہ ٹی 20ورلڈکپ فائنل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے 2016 میں انگلینڈ کیخلاف6وکٹ پر 161 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب ڈیرل مچل 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،جس کے بعد کپتان ولیم سن اور مارٹن گپٹل نے اننگز کو آگے بڑھایا ، ٹیم کا مجموعی اسکور 76 رنز پر پہنچا تو گپٹل 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

2 وکٹیں گرنے کے باوجود بھی کپتان ولیم سن نے محتاط انداز نہ اپنایا اور ٹی 20 ورلڈکپ فائنل کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کردی،انہوں نے 32 گیندوں پر ففٹی بنائی۔

کپتان ولیم سن 85 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، اس کے علاوہ گلین فلیپس 18 رنز بناسکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل اسٹارک نے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنلز کا مہنگا ترین اسپیل کرایا،اسٹارک کے 4 اوورز میں 60 رنز اسکور ہوئے۔

اسٹارک سے قبل فائنلز میں مہنگی ترین بولنگ 2012 میں سری لنکا کےلاستھ ملنگا نے کرائی تھی، انہوں نے ویسٹ انڈیز کیخلاف چار اوورز میں 54 رنز دیئےتھے۔

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا نے 173 رنز کا ہدف با آسانی 19ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،مچل مارش 77اور ڈیوڈ وارنر 53 رنز بناکر نمایاں رہے ۔

نیوزی لینڈ کے 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ رہا اور15 رنز پر کپتان ایرون فنچ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کیلئے 92رنز کی شراکت داری قائم کی۔

آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 107 رنز پر پہنچا تو ڈیوڈ وارنر 53 رنز بناکر بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ،جس کے بعد میکسویل اور مارش کے درمیان 66 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

مچل مارش نے ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 77 رنز کی اننگز کھیلی اور آسٹریلیا کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنا دیا،اس کے علاوہ گلین میکسویل 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کےمچل مارش کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو ورلڈکپ میں 289 رنز بنانے پر آئی سی سی پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ICC

dubai

Australia

T20 World Cup

Final

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div