Aaj News

ہفتہ, مارچ 30, 2024  
19 Ramadan 1445  

ہم نے جب حکومت سنبھالی تو پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا: عمران خان

سندھ ہاؤس میں منڈی لگی اور بولیاں لگائی گئیں، ہماری حکومت کے ابتدائی 2 سال بہت مشکل تھے، دوست ممالک کی مدد سے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، پی ٹی آئی چیئرمین
اپ ڈیٹ 16 جون 2022 01:15pm
میری حکومت کیخلاف بیرونی سازش کی گئی۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کے ابتدائی 2 سال بہت مشکل تھے، ہم نے جب حکومت سنبھالی تو پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔

اسلام آباد میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتےہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وکلاء پر بڑی ذمہ داری ہے، آزادی کی تحریک میں بھی وکلاء کا اہم کردار تھا، آج بھی وکلاء کا کردار بہت بڑا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے حقائق سے پردہ اٹھا دیا اور کہا کہ امریکی سفارتکار نے کہا عمران خان روس کیوں گیا؟ امریکا ناراض ہے، اس نے کہا کہ عمران کو نہ ہٹایا تو پاکستان کو بڑی مشکل کا سامنا ہوگا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانہ میں اپوزیشن کی ملاقاتیں ہوئیں، امریکی سفارتخانے میں ہمارے اتحادی اور لوٹے بھی ملنے گئے، امریکی سفارتخانے کا کیا کام ہے کہ ہمارے ارکان سے ملاقاتیں کرے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں منڈی لگی اور بولیاں لگائی گئیں، ہماری حکومت کے ابتدائی 2 سال بہت مشکل تھے، دوست ممالک کی مدد سے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کہا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، کورونا کے دوران بھی ہم نے بہت زیادہ دباؤ برداشت کیا، ہماری کورونا پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا گیا، ہمارے دور میں ریکارڈ زرعی پیداوار ہوئی، معیشت بہتر ہوئی تو اتحادی چھوڑ گئے اور لوٹے بھی نکل آئے، پی ٹی آئی حکومت کیخلاف سازش کی گئی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دوسروں کی جنگ میں ہمارے 80 لاکھ پاکستانی مارے گئے، پاکستان پر 400 ڈرون حملے کئے گئے، کبھی کسی حکمران نے اس پر بات نہیں کی، میں غلامی کیخلاف ڈٹ کر کھڑا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے نچلا طبقہ پس جائے گا، روس سے گیس، گندم اورپیٹرول لینا تھا، عوام کے فائدے کیلئے روس گیا تھا، بھارت روس سے40 فیصد کم قیمت پر پیٹرول خرید رہا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ امریکا کے آگے جھکتے جاؤ گے تو وہ ڈومور کہتے رہیں گے، پاکستان میں مداخلت ہوئی جس کے ثبوت بھی موجود ہیں، رجیم چینج کے حوالے سے تحقیقات ہونا چاہئیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آتے ہی احمقانہ بیانات دیئے، معیشت پر توجہ دینے کے بجائے این آر او ٹو پر توجہ دی، ملک میں قانون کی دھجیاں آڑائی جارہی ہیں، بلی کو دودھ کی حفاظت کیلئے بٹھا دیا گیا ہے، اب اربوں روپے کے کیسز ختم ہوجائیں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب اور ایف آئی اے پر شہبازشریف بیٹھ گئے ہیں، راجا ریاض اپوزیشن لیڈر بن گیا، مطلب اپوزیشن ختم، ضمنی الیکشن میں بھی دھاندلی کا پروگرام بن گیا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے پرامن مارچ پر تشدد کیا گیا، کس قانون کے تحت ہمارے لوگوں کے گھروں میں گھسے؟ ہمارے دورمیں مارچ کئے گئے، ہم نے کسی کو جیل میں نہیں ڈالا، ان لوگوں نے مجھ پر بھی 8 ایف آئی آرکٹوادی ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تگڑا شو کرنے جارہا ہوں، مگر بتاؤں گا نہیں کیا کرنے والا ہوں، بس اتنا کہوں گا کہ آپ سب نے شرکت کرنا ہے، شہبازشریف کی ساری ترقی صرف اشتہارات میں ہوتی تھی، خوف ہے کہ پاکستان سری لنکا کی طرف جارہا ہے، کوئی بھی موجودہ حکومت پر یقین کرنے کو تیار نہیں، میں کال دوں گا، آپ سب نے میرے ساتھ نکلنا ہے۔

اسلام آباد

imran khan

pti chairman

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div