Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
18 Ramadan 1445  

وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

فی لیٹر پیٹرول 18 روپے 50 پیسے سستا ہوکر 230 روپے 24 پیسے پر فروخت ہوگا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 40 روپے 54 کمی کے بعد 234 روپے پر دستیاب ہوگا
شائع 14 جولائ 2022 10:55pm
تیل کی قیمتیں آسمانوں پر باتیں کررہی تھیں۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
تیل کی قیمتیں آسمانوں پر باتیں کررہی تھیں۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
PM Shehbaz Sharif nay qaum ko khushkhabri dedi | Aaj News

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

قوم سےبراہِ راست خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پیٹرول کی مد میں فی لیٹر 18 روپے 50 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 40 روپے 54 پیسے کی کمی کردی گئی ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد فی لیٹر پیٹرول 18 روپے 50 پیسے سستا ہوکر 230 روپے 24 پیسے پر فروخت ہوگا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 40 روپے 54 کمی کے بعد 234 روپے پر دستیاب ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کوششوں کی بدولت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ہمارا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری سنبھالی تو تباہ شدہ معیشت ملی، اس وقت پاکستان میں مہنگائی اپنے عروج پر تھی اور دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمانوں پر باتیں کررہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت ترین شرائط پر معاہدہ کیا، جاتے جاتے سابق حکومت نے اس معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں اور ہمارے لئے بارودی سرنگیں بچھا کر تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی کردی جس کے لئے خزانے میں پیسے موجود نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کبھی غلط بیانی نہیں کروں گا، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر تیل کی قیمتیں بڑھائیں جس کا بوجھ عوام پر پڑا اور آج عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں گر رہی ہیں جس کی وجہ سے آپ تک اس کمی کا ایک ایک پیسہ پہنچانے کی سعادت ملی ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ خدا کرے کہ آئی ایم ایف سے یہ آخری معاہدہ ہو اور ہم اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ موجودہ اتحادی حکومت نے تین بار اضافے کے بعد پہلی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

Shehbaz Sharif

IMF

Petrol Diesel Price

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div