ایک اور پاکستانی فلم آسکر ایوارڈز کے لیے منتخب
فلمساز سیماب گل کی مختصر فلم ‘سینڈ سٹورم (ملاقات)’ ہولی شورٹس فلم فیسٹیول 2022 میں مختصر فلموں کی کیٹیگری سے آسکر ایوارڈز کے لیے منتخب ہوگئی ہے۔
سیماب گل کی فلم ملاقات نے 11 اگست سے 20 اگست تک جاری رہنے والے ہالی شارٹس فلم 2022 کی بہترین مختصر فلموں کی کیٹیگری میں’بیسٹ لائیو ایکشن ایوارڈ’ اپنے نام کیا ہے۔
فلم ملاقات کے پروڈیوسر عبدالعزیز مرچنٹ نے انسٹاگرام پر یہ خوشخبری مداحوں کو سناتے ہوئے بتایا کہ ‘سیماب گل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے اگست 2022 میں دو اکیڈمی ایوارڈز کوالیفائنگ فیسٹیولز ہالی شارٹس فلم فیسٹیول اور فلکرز کے رہوڈ آئی لینڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کامیابی حاصل کی ہے’۔
ان ایوارڈز کے فاتح خود بخود آسکر کی ریس میں شامل ہو جاتے ہیں۔
فلم 13 اپریل 2020 کو ریلیز کی گئی تھی جس میں حمزہ مشتاق، پریزی فاطمہ، عائشہ شعیب احمد اور نبیلہ خان نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
یہ فلم زارا نامی ایک نوعمر لڑکی کے گرد گھومتی ہے جس کی زندگی اپنے ورچوئل بوائے فرینڈ کے ساتھ ایک سنسنی خیز ڈانس ویڈیو شیئر کرنے کے بعد بالکل بدل جاتی ہے، کیونکہ زارا کا ورچوئل بوائے فرینڈ اس کی ویڈیو دیکھنے کے بعد اسے ذاتی طور پر ملنے کے لیے بلیک میل کرنا شروع کر دیتا ہے۔
واضح رہے کہ اس فلم کی کہانی غدیر احمد نامی ایک مصری لڑکی کے ساتھ پیش آئےحقیقی واقعے پر مبنی ہے، جس کی زندگی اپنے ورچوئل بوائے فرینڈ کے ساتھ ایک سنسنی خیز ڈانس ویڈیو شیئر کرنے کے بعد بالکل بدل جاتی ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔