Aaj News

بدھ, دسمبر 04, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

کیا آپ جانتے ہیں ’لاہور دا پاوا اختر لاوا‘ کون ہے اور کیا کرتا ہے؟

زرتاج گُل کی ٹویٹ سے معاملہ شروع ہوا۔ نعرہ پاکستان سے باہر بھی مقبول
اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2022 05:53pm

پی ٹی آئی رہنما زرتاج گُل وزیر کی ایک ٹویٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو نیا وائرل ٹرینڈ ’لاہور دا پاوا، اخترالاوا‘ دیا جو ہرایک کی زبان پر ہے اور اس حوالے سے مختلف میمز بھی دیکھنے کو مل رہی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کی ٹویٹ تو مخالف جماعت ن لیگ کے لیے تھی جس میں وہ انہیں یہ طعنہ دے رہی ہیں کہ آنے والے الیکشن میں لیگی قیادت کو حنا بٹ، اللہ رکھا پیپسی اور لہور دا پاوا جیسی شخصیات کو ٹکٹ دینے پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا۔

اس ٹویٹ میں لکھے تخلص ’لاہورداپاوا‘ نے سبھی کا تجسس بھڑکایا کہ آخر یہ کون سی شخصیت ہے جس سے سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد لاعلم ہے۔

اس کے بعد مختلف وائرل ویڈیوزمیں بڑی عمر کے شخص کو جوشیلے انداز میں ’لاہور دا پاوا، اختر لاوا‘ کا نعرہ لگاتے دیکھا گیا۔ لیکن آخر یہ شخص کون ہے ؟ اور کیا کرتا ہے ؟

یہ نعرہ لگانے والے 64 سالہ چوہدری اختر لاوا نے اردو پوائنٹ کو انٹرویو میں بتایا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں اللہ کے بندوں کی خدمت کرتا ہوں، بچوں سے پیار کرتا ہوں، یہی میرا کاروبار اور میری زندگی ہے، میرا پروردگار مجھے عزت دے رہا ہے۔

چوہدری اختر لاوا کا تعلق شہر لاہور سے ہے، وہ سیاسی جماعت ن لیگ سے وابستہ ہیں اور لاہور کی یوسی 90 کے فاتح امیدوار بھی ہیں اور مستقبل میں باقاعدہ سیاست میں آنے کا عزم رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں لاہور دا پاوا کرتا ہوں، تو مجھ میں کرنٹ آ جاتا ہے میں جتنا غریب کی مدد کرتا ہوں، اتنی ہی مجھے عزت ملتی ہے۔

میزبان کے ایک سوال پر اختر صاحب کا کہنا تھا کہ میرے گھر ہیں، جو کہ میں نے کرائے پر دیے ہوئے ہیں جبکہ ایک بلڈوزر لیا ہوا ہے جو کہ کام کر رہا ہے، یہی میرا کام ہے۔

اختر نے کہا کہ میرے 5 بچے ہیں اور سب کو اس بات کا علم ہے کہ ان کا والد اتنا فعال اور ایکٹو انسان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کو اعتراض تھا کہ یہ آپ کی عمر نہیں ہے لیکن میں نے اپنے خوش دل اور باکمال انداز سے سب کے دل جیت لیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے بچوں کی استانیاں بھی میری ٹک ٹاک ویڈیوز کو بے حد پسند کرتی ہیں۔

لاہور دا پاوا، اختر لاوا’ وہ نعرہ ہے جو پچھلے کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر تواتر سے دکھائی دے رہا ہے اور اب اس ’لاوے‘ کی ویڈیو نے مختلف پلیٹ فارمز پر میمز کی شکلیں اختیار کر لی ہیں۔

Viral Video

lahore da pawa akhtar lawa