Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

نہیں لگتا محسن نقوی الیکشن کرائیں گے، عدلیہ پر بڑی ذمہ داری آنے والی ہے، عمران خان

ان چوروں کی غلامی قبول نہیں کروں گا اور آخری گیند، آخری سانس تک مقابلہ کروں گا، سابق وزیراعظم
شائع 25 جنوری 2023 06:36pm
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا محسن نقوی الیکشن کرائیں گے، لہٰذا عدلیہ پر بڑی ذمہ داری آنے والی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوگا، ایسے معاشرےکو بنانا ری پبلک کہتے ہیں، اس لئے اپنی پارٹی کا نام تحریک انصاف رکھا تھا، ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف پر رکھی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست کے سامنے 2 سپر پاور ڈھیر ہوگئی تھیں، انصاف کی بنیاد پر مسلمانوں نے دنیا کی امامت کی، طاقتور اور کمزور کے لئے الگ قانون ہو تو قوم تباہ ہو جاتی ہے جب کہ ظلم اور ناانصافی کے سامنے کھڑا ہونا جہاد ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے عدلیہ اور وکلاء برادری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جس طرح آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، جنگل کا قانون نافذ کیا جا رہا ہے، آج لوگوں میں امید ختم ہو رہی ہے، 8 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر چلے گئے، میرے جدوجہد عوام کے لئے ہے، عوام کو کھڑا ہونا ہوگا، اگر آپ کھڑے نہ ہوئے تو آگے اندھیرا ہے۔

فواد چوہدری کی گرفتاری پر عمران خان نے کہا کہ فواد کو کیوں گرفتار کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر پر تنقید پر کون گرفتار ہوتا ہے، اعظم سواتی کو بھی سابق آرمی چیف کے خلاف ٹویٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف 30 مقدمات درج ہوئے، البتہ مجھے جیل جانے سے ڈر ہے اور نہ عوام کو ہونا چاہئے۔

نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر پر الیکشن کمیشن سے سوال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کی شق تین کے تحت آپ کا کام صاف و شفاف انتخابات کرانا ہے، آپ نے باقی نام کیوں قبول نہیں کیئے، ہم نے چُن کر نام دیئے تھے اور ہمیں امید تھی کہ ن لیگ انہیں قبول کرلے گی، کس بناء پر محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ لگایا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ محسن نقوی کا رجیم چینج میں سابق آرمی چیف کے بعد دوسرا اہم کردار تھا، یہ صاف و شفاف الیکشن کرانے نہیں آئے، چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے محسن نقوی کے خلاف تحقیقات کی تھیں اور ان کی ہدایات پر محسن نقوی نے 35 لاکھ روپے ادا کیئے تھے، محسن نے آتے ساتھ ہی اپنے کارنامے دکھا دیئے، مگر لاہور ہائیکورٹ کے جج کو سلام پیچ کرتا ہوں جنہوں نے تین بار فواد چوہدری کی پیشی کا حکم دیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پولیس نے ابھی سے ہراساں کرنا شروع کردیا ہے، فواد چوہدری کو گرفتار کیا گیا، ایک سازش کے تحت محسن نقوی کو تقرر کیا گیا، عدلیہ سے ہم انصاف کی توقع رکھتے ہیں، اسی لئے ہم یہ کیس کورٹ لیکر جا رہے ہیں، عدیہ ہمارے حقوق کی حفاظت کریں، قوم کی بھی آپ سے یہ توقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے پاس جانے کے علاوہ ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کا موقع ہے لیکن اس سے ملک کو نقصان ہوگا، اسی لئے عدلیہ سے استدعا سے ہمیں تحفظ فراہم کریں۔

وزیرآباد حملے پر عمران خان نے کہا کہ اس حکومت نے آتے ساتھ ہی جے آئی ٹی کو ہٹا دیا، میں خود اپنے حملے کی ایف آئی آر نہیں کٹوا سکا، ڈی پی او گجرات نے حملہ آور کی ویڈیو بنائی، جے آئی ٹی نے افسران سے موبائل فون مانگا، افسران نے جےآئی ٹی میں پیش ہونے سے انکار کردیا تو افسران کے پیچھے کون تھا جو اتنا طاقتور تھا۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں کہا گیا 4 سے 5 نامعلوم افراد وہاں موجود تھے، عینی شاہدین، فرنزک، پولی گراف ٹیسٹ سے یہ ثابت ہوا کہ حملہ آور تین تھے، ملزم نوید انتہا پسند نہیں تھا، تربیت یافتہ تھا، 4 جے آئی ٹی ممبران پر دباؤ ڈالا گیا جس کے بعد عدالت میں رپورٹ کی فائنڈنگ تبدیل کردی گئیں، پراسیکیوٹر جنرل نے تسلیم کیا کہ 3 شوٹرز تھے، تفتیشی افسر سعید انور شاہ کو نگراں سیٹ نے آتے ساتھ ہی معطل کردیا گیا۔

صوبوں میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق سابق وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا گورنر نے اب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دی، آئین کے آرٹیکل 105 میں واضح ہے کہ 90 روز میں انتخابات ہونے ہیں، ہم نے اسمبلی تحلیل اس لئے کیں کیونکہ ہمیں نظر آرہا تھا کہ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، میں نے عدم سے قبل قومیئ اسمبلی بھی توڑ دی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی قانون کی بالادستی نہیں رہی، انتخابات کیسے التوا کا شکار ہوسکتے ہیں، ملک میں آئین نام کی کوئی چیز ہے یا نہیں، نہیں لگتا کہ محسن نقوی الیکشن کرائیں گے، اسی لئے عدلیہ پر بہت بڑی ذمہ داری آنے والی ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ میں ان چوروں کی غلامی قبول نہیں کروں گا اور آخری گیند، آخری سانس تک مقابلہ کروں گا، عوام بھی آزاد خوف کا بُت توڑ دے۔

pti

PDM

ECP

economic crisis

imran khan

lahore

Mohsin Raza Naqvi

Fawad Chaudhry arrested

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div