Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
18 Ramadan 1445  

گجرات میں پولیس کا چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپہ

پولیس کی بھاری نفری نے کنجاہڑی ہاؤس کو گھیرے میں لے لیا
اپ ڈیٹ 01 فروری 2023 10:34am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

گجرات میں پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپا مارا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے 3گھنٹے تک پرویزالہٰی کی رہائش گاہ کنجاہڑی ہاؤس کا محاصرہ کیے رکھا ،جس کے بعد کنجاہڑی ہاؤس کا محاصرہ ختم کردیا گیا۔

پولیس کی بھاری نفری نے سحری کے وقت پونے 5بجے کے قریب سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گا ہ کا اچانک محاصرہ کر لیا ۔

پہلے دروازہ کھلوانے کی کوشش کی،دروازہ نہ کھلنے پر پولیس اہلکار سیڑھیاں لگا کر رہائش گاہ کے اندر داخل ہو گئے لیکن گھر میں سوائے سیکیورٹی گارڈز اور چند ملازمین کے کوئی نہ تھا ۔

چوہدری پرویز الٰہی لاہور جبکہ کے ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الہٰی اس وقت بیرون ملک ہیں ۔

پولیس مسلسل کئی گھنٹے تک چوہدری پرویز الہٰی کے گھر کے اندر اور باہر موجود رہی اور گھر کی تلاشی کے ساتھ ساتھ ملازمین سے پوچھ گچھ کرتی رہی ۔

تاہم کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی،چھاپے میں گجرات کے مختلف تھانوں کی پولیس نے حصہ لیا تاہم ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ یہ چھاپہ کیوں مارا گیا ۔

پرویزالہٰی نے ظہور الہٰی ہاؤس گجرات پر پولیس چھاپے کی مذمت

سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالہٰی نے ظہور الہٰی ہاؤس گجرات پر پولیس چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو رات کے اندھیرے میں ہراساں کیا گیا۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ 2 ماہ کی نگراں حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، نگراں حکومت کی غیر قانونی حرکات پر عدالت جائیں گے، ہمیں آزاد عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف چادر اور چار دیواری کے تقدس کا خیال کریں، اب لوگ ان کے گھروں کے سامنے بھی احتجاج کریں گے، ملک میں دہشت گردی ہو رہی ہے، حکمرانوں نے پولیس اور انتظامیہ کو انتقامی کاروائیوں پر لگا رکھا ہے۔

چھاپے کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، پرویزالہیٰ

پولیس کے چھاپے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، چھاپے کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت ناکام ہوگئی، ان سے نہ دہشت گرد پکڑے جارہے ہیں اور نہ ہی معیشت سنبھالی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب دو ڈھائی ماہ کے لئے آئے ہیں، رب کے بعد عدالتوں سے انصاف کی توقع ہے، عدالتوں سے ان کو سزا دلائیں گے، پنجاب حکومت کے چھاپے کے خلاف مسلم لیگ ق احتجاج کرے گی۔

police

Chaudhry Pervaiz Elahi

Gujrat

ex cm punjab

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div