Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

غریبوں!!! گوشت پہنچ سے باہر ہے؟ تو بناؤ لذیذ ”آلو کی کڑہائی“

آج آپ کو مہنگائی کے اس دور میں مہمانوں کے آگے عزت رکھنے کی ایک ریسیپی بتاتے ہیں۔
شائع 26 فروری 2023 10:23pm
تصویر بشکریہ فوڈ فیوژن
تصویر بشکریہ فوڈ فیوژن

اگر آپ پاکستان میں رہتے ہیں تو ضرور مہنگائی سے پریشان ہوں گے، جب کھانا بنانے کا وقت آتا ہوگا تو سوچتے ضرور ہوں گے کہ ایسا کیا بنائیں جو بچے بڑے سب شوق سے کھا لیں۔

ایسے میں اولین خیال تو بیف یا چکن کا ہی آتا ہے لیکن یہ دونوں ہی اب عام پاکستانی کی پہنچ سے دور ہوچکے ہیں، عوام اب سڑک پر مٹر گشتی کرتی گائیں اور دانہ چگتی پڑوسی کی پالتو مرغی کو دیکھ کر رال ہی ٹپکا سکتے ہیں۔

کیونکہ بیف تقریباً فی کلو ہزار اور مرغی کا گوشت 800 سے اوپر پہنچ چکا ہے۔

ایسے میں غریب کے سُکھ دُکھ کا ساتھی آلو کام آتا ہے (ہیش ٹیگ آلو ٹو دا ریسکیو)۔

آلو انتہائی ملنسار اور سب کے ساتھ گھل مل کر رہنے والی سبزی ہے، یہ جہاں گوشت اور چکن کے ساتھ آپ کو نظر آتا ہے تو وہیں ٹنڈوں اور بینگن جیسی سبزیوں کے ساتھ بھی عاجزی دکھاتا ہے۔ یہاں تک کہ یہ جب اپنے دوست کچالو کے ساتھ گھومنے نکلتا ہے تو دوسری سبزیوں کی ٹوکری میں سو بھی جاتا ہے۔ حالانکہ بعد میں اسے سزا ملتی ہے لیکن اندرونی اچھائی کیلئے اتنا تو چلتا ہے۔

آلو قومی اور بین الاقوامی سطح پر سب ہی کی پسندیدہ غذا ہے (سابق پاکستانی کرکٹر انضمام الحق کو چھوڑ کر)۔

جب آلو میں اتنی خاصیتیں ہیں تو بھلا کیوں نہ اس سے وہ ڈش بنائی جائے جو عموماً گوشت سے بنائی جاتی ہے۔ بھئی بریانی بھی تو آلو کی ہوتی ہی ہے۔

تو چلئے آج آپ کو مہنگائی کے اس دور میں مہمانوں کے آگے عزت رکھنے کی ایک ریسیپی بتاتے ہیں۔ اور وہ ہے آلو کڑاہی۔

آلو کی کڑاہی تیار کسی بھی گوشت کی کڑھائی کی طرح ہی لذیذ ہوتی ہے، لیکن اس بیان کی صداقت جاننے کیلئے آپ کو پہلے آلو کی کڑاہی بنانی ہوگی۔ اور آلو کی کڑہائی بنانے کیلئے آپ کو پہلے اس کے اجزاء معلوم ہونے چاہئیں جو درج ذیل ہیں۔

اجزاء

  • تیل ½ کپ
  • ادرک لہسن پیسٹ 1 چمچ
  • پیاز باریک کٹی ہوئی 2 عدد
  • ٹماٹر باریک کٹا ہوا 1 عدد
  • آلو درمیانے سائز کے آدھا کلو
  • لال مرچ کٹی ہوئی 2 چمچ
  • کالی مرچ ½ چمچ
  • زیرہ پاوڈر ½ چمچ
  • ہرا دھنیا
  • لیمن سلائس (لیموں کا ٹکڑا)
  • کریم

ترکیب

  • کڑاہی میں تیل گرم کر کے اس میں ادرک لہسن اور پیاز شامل کریں اور چمچ چلائیں، گولڈن ہونے پر ٹماٹر ڈال کر بھونیں۔
  • اب آلو کے چھلکے اتار کر کڑاہی میں ڈالیں اور تھوڑی سی بھنائی کرنے کے بعد اس میں لال مرچ اور نمک شامل کریں۔
  • آلو میں تھوڑا پانی ڈال کر ڈھکن ڈھک دیں اور اسے گلنے دیں، جب آلو گل جائیں تو اس میں 1 چمچ کریم شامل کریں اور مزید اچھے سے پکائیں۔
  • جب تیل اوپر آنے لگے تو اس میں کالی مرچ، زیرہ پاؤڈر، لیمن سلائس اور ہری مرچ ڈال کر چمچ 1 منٹ تک چلائیں۔
  • آخر میں ہرا دھنیا اوپر سے ڈال کر سَرو کریں، آلو کی مزیدار کڑاہی یقیناً آپ کو بہت پسند آئے گی اور آپ بار بار بنائیں گے۔

recipe

Aloo ki Karahi

Potato