Aaj News

جمعرات, دسمبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان سے تحقیقات، جے آئی ٹی کی کارروائی عدالتی فیصلے سے مشروط

عدالت تفتیش کےعمل کو نہیں روک سکتی، فیصلہ
شائع 20 اپريل 2023 07:08pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان دیگر رہنماؤں سے تحقیقات کےلئے قائم جے آئی ٹی کی کارروائی کو عدالتی فیصلے سے مشروط کردیا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں لاہورہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے عمران خان اور دیگر رہنماؤں سے تحقیقات کےلئے قائم جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری خلیق الزمان عدالت پیش ہوئے۔

عمران خان اور فواد چوہدری کے وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت روز کے معمولات نمٹانے کا اختیار رکھتی ہے، اسے جےآئی ٹی کی تشکیل کا قانونی اختیار نہیں ہے، ہم تفتیش نہیں رکوانا چاہتے ہیں، ہمیں انتخابات سے دور رکھنے اور ڈرانے کیلئے دہشت گردی کی دفعات لگائی گئیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کیلئے دائر درخواست کی مخالفت کی۔ شان گل نے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا نگران کابینہ کا قانونی اختیار ہے، کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے قانونی طریقہ کار کے مطابق جے آئی ٹی تشکیل دی۔

لاہورہائیکورٹ نے حکم امتناعی کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کی کارروائی کو عدالتی فیصلے سے مشروط کرتے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ عدالت تفتیش کےعمل کو نہیں روک سکتی۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے تحفظات اور دلائل کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

pti

PDM

imran khan

Care Taker CM Punjab

Politics April 20 2023