Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

پولیس مقابلہ مشکوک، ہلاک ملزم کے لواحقین کی جانب سے تھانے کا گھیراؤ

شفاف تحقیقات کے لئے ایس پی گلشن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل
اپ ڈیٹ 02 مئ 2023 11:46pm
فوٹو ــ اسکریب گریب
فوٹو ــ اسکریب گریب

کراچی میں مشکوک پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کے لواحقین نے تھانے کا گھیراؤ کرلیا۔

کراچی کےعلاقے نیو ٹاؤن میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا، ہلاک ملزم کے لواحقین نے مبینہ پولیس مقابلے کو جعلی قرار دے کر پانچ گھنٹے تک نیو ٹاؤن تھانے کا گھیراؤ کرکے احتجاج کیا۔

مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کراچی کے علاقے ڈالمیا کا رہائشی تھا جس سے متعلق پولیس کا دعویٰ ہے کہ اسے شہری سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران روکا گیا تھا، اس دوران کمل اور اس کے ساتھی نے پولیس پر فائرنگ کی اور جوابی کارروائی میں کمل ہلاک جبکہ ساتھی انیل پکڑا گیا تھا۔

واقعے کے خلاف نوجوان کے لواحقین نے نیو ٹاؤن پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کیا اور شدید احتجاج کیا۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ان کے گھر میں شادی ہے خوشی والے گھر کو پولیس نے سوگ میں تبدیل کردیا، ہمیں انصاف دلایا جائے۔

دوسری طرف پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ملزم اور گرفتار ساتھی کو متاثرہ شہری نے ملزم کی حیثیت سے شناخت کرلیا ہے۔ شہری کی مدعیت میں ہی واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

احتجاج کا دائرہ وسیع ہوا تو پولیس حکام مظاہرین سے مذاکرات کے لئے ڈی آئی جی ایسٹ آفس پہنچے، پولیس حکام نے لواحقین کے تحفظات دور کرنے اور شفاف تحقیقات کے لئے ایس پی گلشن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

لواحقین کے مطالبے پر تحقیقات مکمل ہونے تک مقابلہ کرنے والے انسپکٹر کو معطل کردیا گیا۔

Karachi Street Crimes

Karachi politics

karachi robbery

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div