Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی پر یورپی یونین کی مذمت، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب

یورپ میں نسل پرستی، غیر ملکیوں سے نفرت اور عدم رواداری کی کوئی جگہ نہیں، یورپی یونین
اپ ڈیٹ 01 جولائ 2023 03:02pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہولم میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے آئندہ ہفتے جدہ میں اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں رواں ہفتے سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

او آئی سی ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں اس گھناؤنے فعل کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے اور ضروری کارروائی کے بارے میں اجتماعی موقف کو بھی اپنایا جائے گا۔

دوسری جانب ایک بیان میں یورپی یونین (ای یو) نے سویڈن میں قرآن مجید کی بےحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے توہین آمیز اور اشتعال انگیز کا عمل قرار دے دیا۔

یوری یونین نے کہا کہ یہ عمل کسی بھی طرح سے ہماری رائے کی عکاسی نہیں کرتا، یورپ میں نسل پرستی، غیر ملکیوں سے نفرت اور اس سے متعلق عدم رواداری کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قرآن کو نذر آتش کرنا اس سے بھی زیادہ توہین آمیز ہے کیونکہ یہ ایک ایسے وقت کیا گیا تھا جب مسلمان عید الاضحیٰ منا رہے تھے۔

یورپی یونین نے کہا کہ ہم بیرون ملک اور اندرون ملک مذہب یا عقیدے کی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کے لئے کھڑے ہیں، اب وقت آگیا کہ باہمی افہام و تفہیم، مزید کشیدگی کو روکنے اور ایک دوسرے کے احترام کے لئے مل کر کھڑے ہوں۔

یورپی یونین کی جانب سے سویڈن میں قرآن مجید کے نسخے کو شہید کرنے کے خلاف مذمتی بیان اس وقت آیا جب اسلامی تعاون تنظیم نے اسی معاملے پر ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسٹاک ہولم کی سب سے بڑی مسجد کے سامنے سوئیڈن کی عدلیہ اور پولیس نے اسلام مخالف انتہا پسندوں کو قرآن پاک کے نسخے کو جلا کر شہید کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد اسٹاک ہولم میں ایک عراقی نژاد سوئیڈش نے مقدس کتاب کے نسخے کو کو نذر آتش کرکے شہید کیا تھا۔

قرآن پاک کی بےحرمتی پر پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر مسلم اور غیر مسلم ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

مشرق وسطیٰ کے علاوہ دیگر ممالک نے اپنے سفیروں کو سویڈن سے واپس بلا لیا جب کہ پاکستان سمیت کچھ ممالک نے سویڈش سفیروں کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سوئیڈن میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ دائیں بازو کے سیاست دان راسموس پالوڈن کئی اجتماعات میں قرآن پاک کو شہید کرچکے ہیں یا کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔

Saudia Arabia

Quran

OIC

Sweden

Stockholm

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div