Aaj News

پیر, مئ 06, 2024  
27 Shawwal 1445  

بھارتی کرکٹ ٹیم کی خاتون کپتان ’ناگوار‘ رویے پر تنقید کی زد میں

آئی سی سی نے ہرمن پریت کور پر جرمانہ کردیا۔
شائع 01 اگست 2023 11:43am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

کرکٹ کے میدان کے اندر اور باہر اپنے حالیہ رویہ پر تنقید کا سامنا کر رہی بھارتی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کو آئی سی سی ضابطہ کی دو مختلف خلاف ورزیوں پر دو بین الاقوامی میچز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

ہفتہ کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی ویمن چمپئن شپ سیریز کے تیسرے میچ کے دوران ہرمن پریت کور نے دو مواقع پر آئی سی سی کے ضابطے کی خلاف ورزی کی۔

آئی سی سی ضابطہ کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کا قصوروار پائے جانے کے بعد ہرمن پریت پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ لگایا گیا ہے اور لیول 2 جرم کے لیے ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں 3 ڈیمیرٹ پوائنٹس جوڑے گئے ہیں، جو ’امپائر کے فیصلے پر عدم اتفاق ظاہر کرنے‘ سے متعلق ہیں۔

ہرمن پریت کور کو آرٹیکل 2.7 کی خلاف ورزی کا قصوروار پائے جانے کے بعد لیول 1 جرم کے لیے ان کی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ بھی لگایا گیا تھا، جو ’ایک بین الاقوامی میچ میں ہونے والے واقعہ کے بارے میں عوامی تنقید‘ سے متعلق ہے۔

پہلا واقعہ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بھارت کی بیٹنگ کے دوران 34ویں اوور میں پیش آیا، جب اسپنر ناحیدہ اختر کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ قرار دیے جانے کے بعد ہرمن پریت نے عدم اتفاق ظاہر کرتے ہوئے اپنا بلّا وکٹ پر دے مارا۔

وہ اس فیصلے سے واضح طور پر ناخوش تھیں کیونکہ انہیں لگا کہ گیند ان کے پیڈ سے لگ کر نکلی ہے، اور انہوں نے اپنے بلّے سے اسٹمپر کو توڑ کر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔

دوسرا واقعہ پریزنٹیشن فنکشن کے دوران پیش آیا جب ہرمن پریت کور نے میچ میں خراب امپائرنگ کا حوالہ دیتے ہوئے بنگلہ دیش کی کپتان سے کچھ ایسا کہا کہ وہ اپنی پوری ٹیم کو لے کر ڈریسنگ روم میں چلی گئیں۔

ہرمن پریت نے اپنا قصور مان لیا ہے اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفری اختر احمد کے ذریعہ مجوزہ پابندیوں کو قبول کر لیا ہے، اور اس لیے رسمی سماعت کی کوئی ضرورت نہیں رہی۔

امپائر تنویر احمد اور محمد قمر الزماں، تیسرے امپائر منیر الزماں اور چوتھے امپائر علی ارمان نے ہرمن پریت سے متعلق الزامات لگائے تھے جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔

ICC

Harman Preet Kaur

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div