آزاد کشمیر انتخابات کا فائنل راؤنڈ: غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد آج نیوز کو غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایل اے 14
حلقہ ایل اے 14 ڈھیرکوٹ کے 214 میں سے 67 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہو گیا ہے، جس کے مطابق عوامی دست و بازو پاری کے امید وار ساجد اقبال 11 ہزار 819 ووٹ لے کر آ گے ہیں جب کہ مسلم کانفرنس کے امید وار سردار عتیق خان 4 ہزار 317 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 15
حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ کے 213 میں سے 81 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا ہے، جس کے مطابق جماعت سلامی کے امید وار بریگیڈیئرمحمد خان 8 ہزار 783 ووٹ لے آگے ہیں جب کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار ضیا القمر 5 ہزار 128 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔
ایل اے 16
حلقہ ایل اے 16 شرقی باغ کے 186 میں سے 17 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امید وار سردار قمر زمان 2 ہزار 626 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کے امید وار سردار میر اکبر خان 2 ہزار 548 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہیں۔
ایل اے 17
حلقہ ایل اے 17 حویلی کے 190 میں سے 17 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا ہے، جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امید وار چوہدری محسن عزیز 2 ہزار 870 ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کے امید وار فیصل ممتاز راٹھور 2 ہزار 530 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔
قبل ازیں پیر کے روز پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع باغ اور حویلی کے 4 اہم حلقوں میں پولنگ ہوئی، صبح 8 بجے شروع ہونے والا ووٹنگ کا سلسلہ شام 5 بجے تک جاری رہا۔ ان حلقوں میں تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔
ان چار حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے حصہ لینے والے مجموعی طور پر 72 امیدوار مدمقابل ہیں، جن میں موجودہ وزیراعظم اور 2 سابق وزرائے اعظم بھی شامل ہیں، جس کی وجہ سے یہ انتخابی معرکہ انتہائی دلچسپ اور توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
انتخابی شیڈول میں کچھ تبدیلیوں کے بعد اب پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع میں سے صرف ضلع باغ کے 3 اور حویلی کے ایک حلقے میں ووٹ کاسٹ کیے گئے جب کہ ضلع پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات کو فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔
جن حلقوں میں آج مقابلہ ہو رہا ہے ان میں حلقہ ایل اے 14 باغ شامل ہے جہاں سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان سمیت 21 امیدوار میدان میں ہیں۔ اسی طرح حلقہ ایل اے 15 باغ میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس سمیت 20 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں جب کہ حلقہ ایل اے 16 میں 22 امیدواروں کے درمیان زبردست مقابلہ ہے۔
حلقہ ایل اے 17 حویلی میں موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور سمیت 9 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ان چاروں حلقوں میں مسلم کانفرنس اور استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہان کی موجودگی نے سیاسی ماحول کو مزید گرما دیا ہے۔
آزاد کشمیر کے اب تک کے انتخابی نتائج پر نظر ڈالی جائے تو پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر مقابلہ ہوا تھا، جس میں مسلم لیگ ن نے 9 اور پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔ اس کے بعد دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے، جہاں مسلم لیگ ن 15 اور پیپلز پارٹی 6 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔
اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مجموعی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جب کہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
آج ہونے والے انتخابات کے نتائج آزاد کشمیر کی مستقبل کی حکومت کی حتمی شکل طے کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔












