Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
20 Shawwal 1445  

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک، میجر اور حوالدار شہید

ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں، ترجمان
اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2023 08:49pm

بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر اور حوالدار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات ملی تھیں، جس پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا محاصرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران آپریشن کی قیادت کرنے والے پاک فوج کے میجر اید علی رضا اور حوالدار نثار احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید 31 سالہ میجر اید علی رضا کا تعلق سرگودہا سے تھا جبکہ شہید 38 سالہ حوالدار نثار احمد وہاڑی کے رہائشی تھے، دونوں شہید نے بہادری اور جراتمندی سے دہشت گردوں کا سامنا کیا۔

ترجمان کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسزز بہادر جوانوں کی مقروٖض ہیں اور ان کی جرات و شجاعت پر فخر محسوس کرتی ہے۔

مزید پڑھیں

شمالی وزیرستان: سکیورٹی اہلکاروں اور دہشتگردوں میں جھڑپ، ایک دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک

مردان میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں دہشتگردوں کا سرغنہ ہلاک

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہیں۔

نگراں وزیراعظم کا بلوچستان میں 2 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار

دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک فوج کے 2 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ٹویٹ میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ژوب میں شہید ہونے والے میجر علی رضا شاہ اور حوالدار نثاراحمد کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہماری بہادر افواج دہشت گردی کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، ہم دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔

دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کر کے دم لیں گے، نگراں وزیر داخلہ

ادھربلوچستان کے ضلع ژوب میں میجرعلی رضا اور حوالدار نثار احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

ادھر نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں میجرعلی رضا اور حوالدار نثار احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دونوں جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم شہداء کی قربانیوں کی مقروض ہے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے میجر علی رضا اور حوالدار نثاراحمد کو خراج تحسین کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے بہادر سپوتوں کی قربا نیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستانی قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج ملک دشمنوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔

ISPR

بلوچستان

security forces

terrorist attacks

Zhob

security forces operation

Terrorists killed

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div